نئی دہلی//)
تجربہ کار ہندوستانی ٹیسٹ بلے باز چیتشور پجارا نے اپنے 100 ویں ٹیسٹ سے قبل جمعرات کو کہا کہ وہ اس کامیابی سے خوش ہیں لیکن ابھی بہت کچھ حاصل کرنا باقی ہے ۔پجارا سے پہلے صرف 12 ہندوستانی کرکٹرز نے 100 ٹیسٹ کھیلے ہیں جب کہ 73 کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ پجارا جب جمعہ کو دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے تو وہ کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں ان کا 100 واں میچ ہوگا۔
پجارا نے یہاں میچ سے قبل کے موقع پر نامہ نگاروں سے کہا ‘‘میں نے ہمیشہ آج پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ جب میں نے کرکٹ کھیلنا شروع کیا تو سوچا بھی نہیں تھا کہ میں 100 ٹیسٹ کھیلوں گا۔ آپ اپنے کیریئر میں ہمیشہ اتار چڑھاؤ سے گزرتے ہیں جن سے آپ کو لڑنا پڑتا ہے ۔ میری توجہ ہمیشہ اپنی کارکردگی پر رہی اور 100 ٹیسٹ مکمل ہوگئے
انہوں نے کہا ‘‘یہ میرے اور میرے خاندان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے ۔ اس سفر میں میرے والد نے میرا ساتھ دیا۔ میری بیوی نے بھی مجھے مسلسل سپورٹ کیا۔ وہ کل یہاں میچ دیکھنے آئیں گے ۔ ہم سب اس سے بہت خوش ہیں لیکن ابھی بہت کچھ حاصل کرنا باقی ہے ۔ پجارا کو اپنے شاندار کیریئر میں کئی بار اس ‘اُتار چڑھاؤ’ کا سامنا کرنا پڑا۔ پجارا 2018 میں جہاں دورہ انگلینڈ کے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے تھے ، وہیں انہیں گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز کے لیے بھی ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی تھی۔ پجارا نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ان چیلنجوں کو قبول کیا اور اپنے کھیل پر بھروسہ برقرار رکھا۔
انہوں نے کہا کہ اتنے لمبے عرصے تک کرکٹ کھیلنا مشکل ہے ۔ آپ کے لیے ذہنی طور پر مضبوط ہونا سب سے اہم ہے ۔ آپ کو اپنے آپ پر یقین ہونا چاہیے ، آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ آپ کس طرح کے کھلاڑی ہیں اور اپنے آپ پر یقین رکھتے ہیں۔ میں نے ہمیشہ یہی کیا۔ پچھلے کچھ سالوں میں، میں نے اپنی خصوصیات پر کام کرنے کی کوشش کی۔ میں جانتا تھا کہ اگر میں پانچ سات سالوں میں کچھ کرنے میں کامیاب ہوتا ہوں تو مجھے اس پر ہی رہنا ہوگا۔ میں اپنے کھیلنے کا طریقہ نہیں بدل سکتا۔ آپ ہمیشہ کچھ چیزیں شامل کر سکتے ہیں، لیکن کبھی بھی اپنے کھیل کو مکمل طور پر تبدیل نہیں کر سکتے ۔’’
ٹیسٹ کرکٹ میں ہندوستان کے سب سے قابل اعتماد بلے باز پجارا کو جب گزشتہ سال ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تو انہوں نے انگلینڈ کی کاؤنٹی چیمپئن شپ کا رخ کیا۔ پجارا نے مشکل انگلش پچوں پر کامیابی سے اپنی فارم تلاش کی اور آٹھ میچوں میں 109.40 کی اوسط سے 1094 رن بنائے ۔ انگلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں واپس بلائے جانے سے پہلے ، انہوں نے کاؤنٹی کا ایک یادگار سیزن، تین ڈبل سنچریاں اور دو سنچریاں اسکور کیں۔
پجارا نے اپنے برے وقت کے بارے میں کہا‘‘وہ وقت میرے لیے چیلنجنگ تھا۔ مجھے معلوم تھا کہ مجھے انگلینڈ میں ایک ٹیسٹ کھیلنا ہے ، اس لیے میں نے کاؤنٹی کرکٹ کا رخ کرکے تیاری شروع کی۔ میں راہل بھائی (کوچ راہل ڈریوڈ) اور وکی پاجی (وکرم راٹھوڑ) کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا ہوں اور ان شعبوں کے بارے میں بات کر تا رہا جن پر مجھے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔
پجارا نے کاؤنٹی کرکٹ میں حصہ لینے کے لیے آئی پی ایل کی نیلامی میں بھی اپنا نام نہیں دیا تھا۔ انہیں چنئی سپر کنگز نے ٹورنامنٹ کے 2021 سیزن کے لیے خریدا تھا، حالانکہ انہوں نے 2022 میں آئی پی ایل پر ٹیسٹ کرکٹ کو ترجیح دی۔
انہوں نے کہا [؟]میں نے گزشتہ سال آئی پی ایل میں اپنا نام نہیں دیا تھا۔ میں انگلینڈ میں ٹیسٹ کی تیاری کے لیے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنا چاہتا تھا۔