جے پور// راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ ملازمین کے مفاد میں مرکزی حکومت کو پرانی پنشن اسکیم (او پی ایس) کو لاگو کرنا چاہئے مسٹرگہلوت اتوار کو آر اے ایس کلب میں راجستھان انتظامی، پولیس اور اکاؤنٹس سروس کے افسران کے مشترکہ کنونشن سے خطاب کر رہے تھےانہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے سنہ 2022-23 کے بجٹ میں پرانی پنشن اسکیم کو لاگو کرنے کا فیصلہ انسانی ہمدردی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے ۔
اپنی زندگی کے 30-35 سال حکومت کو دینے والے سرکاری افسروں اورملازمین کو اپنے بڑھاپے کی کوئی فکر نہ رہےاورسماجی تحفظ ملے ، یہ سوچ کرہم نے او پی سی کو ریاست میں لاگو کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ حکومت نے پرانی پنشن لاگو کر دی ہے ۔ اس کے علاوہ چار پانچ ریاستی حکومتوں نے این پی ایس کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی ہیں ۔ مرکزی حکومت کو ملازمین کے مفاد میں پرانی پنشن اسکیم کولاگوکرنا چاہیے ۔
مرکزی ہو یا ریاستی سرکاریں گورننس دینے کے لیے بیوروکریسی کا مثبت تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور انتظامی خدمات کے افسران دونوں ہی عوام کے ٹرسٹی ہیں۔ ٹرسٹی کے طور پر یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم عام آدمی کے مفاد میں فیصلے کریں اور اسکیموں کو مؤثر طریقے سے آخری پائیدان پر کھڑے غریب تک پہنچائیں ۔