برسلز//
یورپ میں ایک تہائی کوکین سپلائی کرنے والے منشیات فروشوں کے گروہ کے سرغنہ کو دبئی سے گرفتار کرلیا گیا۔ یہ برطانوی ڈرگ لارڈ اسپین سے فرار ہو کر دبئی پہنچا تھا جہاں سے اُسے گرفتار کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق پانچ ممالک میں تاریخی کارروائیوں کے دوران سُپر کارٹیل نامی اس گروہ کے 49 مشتبہ ارکان کو بھی اب تک گرفتار کیا گیا ہے، چھاپوں میں 30 ٹن سے زائد منشیات بھی قبضے میں لی گئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مالاگا، میڈرڈ اور بارسلونا میں جاری چھاپوں میں گرفتاریوں کے علاوہ اب تک دبئی اور اسپین سے گروہ کے 6 سینیئر ڈرگ لارڈز بھی گرفتار کیے گئے ہیں۔ گروہ کے سرغنہ سمیت ان 7 افراد کو ہائی ویلیو ٹارگٹ کی حیثیت حاصل تھی۔
یہ آپریشن یورو پول کی سربراہی میں جاری ہے اور اس میں اسپین، فرانس، بیلجیئم، ہالینڈ اور متحدہ عرب امارات کی پولیس فورسز حصہ لے رہی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق مارچ 2020 میں ویلنسیا سے 700 کلو گرام کوکین والا کنٹینر پکڑنے پر اس آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ گروہ کا برطانوی سرغنہ کالے دھن کو سفید کرنے کیلئے اسپین میں رئیل اسٹیٹ کا کاروبار بھی چلا رہا تھا۔