اناپولس//
امریکی ریاست میری لینڈ میں مسافر بردار چھوٹا طیارہ 100 فٹ کی بلندی پر بجلی کی ترسیل کے مین ٹرانسمیشن تاروں میں الجھ کر پول میں پھنس گیا جس کے نتیجے میں 88 ہزار گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست میری لینڈ کے علاقے گیتھرز برگ میں ایک چھوٹا طیارہ 100 فٹ کی بلندی پر پرواز کے دوران بجلی کے ہائی ٹینشن لائن کے پول میں پھنس گیا۔
ریسکیو ٹیم کے انچارج کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے طیارے کے پائلٹ سے رابطہ کیا۔ طیارے میں موجود پائلٹ اور 2 مسافر بالکل محفوظ ہیں۔ پائلٹ اور مسافروں کے محفوظ انخلا کے بعد طیارے کو بھی اتار لیا گیا۔
طیارے کے بجلی کے پول سے ٹکرانے پر پورے علاقے کی بجلی منقطع ہوگئی۔ 88 ہزار سے زائد گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔ درجنوں ٹریفک سگنلز بند ہونے سے گاڑیوں ک قطاریں لگ گئیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق اچانک بجلی چلے جانے سے لفٹس بند ہوگئیں جس کی وجہ سے کئی افراد پھنس گئے۔ سگنلز، لفٹس اور اسپتالوں میں متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔