ممبئی// ہندوستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ گھٹنے کی چوٹ سے پوری طرح ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف اگلے ماہ ہونے والے دو ٹیسٹ میچوں سے باہر ہو سکتے ہیں۔
کرک بز نے ہفتہ کو بھارتیہ کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ اتر پردیش کے بائیں ہاتھ کے اسپنر سوربھ کمار جڈیجہ کی جگہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔
سوربھ ہندوستان اے ٹیم کا حصہ ہے جو بنگلہ دیش اے کے خلاف دو چار روزہ میچ کھیلنے کے لیے جمعرات کو ڈھاکہ روانہ ہوئی تھی۔ ہندوستان اے اور بنگلہ دیش اے کے درمیان دوسرا چار روزہ میچ 9 دسمبر کو ختم ہو گا، جب کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کا باضابطہ ٹیسٹ 14 دسمبر سے شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ جڈیجہ ایشیا کپ 2022 میں ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے دوران زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد ان کے گھٹنے کی سرجری ہوئی تھی۔ اس انجری کے باعث وہ ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے بقیہ میچوں میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔
بی سی سی آئی نے بدھ کو بھی جڈیجہ کو بنگلہ دیش کے خلاف 4 دسمبر سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز سے باہر کرنے کا اعلان کیا۔ جڈیجہ کی جگہ شہباز احمد کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔