نئی دہلی// کانگریس نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر انتخابات میں بچوں کا استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے ملاقات کرکے اس معاملے میں کارروائی کا مطالبہ کیا۔
کمیشن سے ملاقات کے بعد کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید، رجنی پاٹل اور رنجیت رنجن نے صحافیوں کو بتایا کہ مسٹر مودی کے کہنے پر گجرات انتخابات میں بچوں کا استحصال کیا جا رہا ہے ۔ بچوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ ایک مخصوص پارٹی سے تعلق رکھنے والے کپڑے پہن کر الیکشن میں تشہیری مہم چلائیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے خود کانگریس لیڈروں سے کہا ہے کہ کسی بھی حالت میں بچوں کو انتخابی مہم میں شامل نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی عام شخص نہیں بلکہ خود وزیر اعظم نریندر مودی اس کام میں ملوث ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے کمیشن کو ویڈیوز بھی دکھائی ہیں اور کمیشن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس سلسلے میں اقدامات کئے جائیں گے ۔
محترمہ پاٹل نے کہا کہ بچوں کا اس طرح سے استعمال تکلیف دہ ہے ۔ انہوں نے بچوں کے استعمال کو قابل مذمت اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں حقوق اطفال ایکٹ کے تحت کارروائی کی جانی چاہیے ۔ محترمہ رنجنا رنجن نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ ملک کے بچوں، بزرگوں اور دیگر لوگوں کی حفاظت کرنا وزیر اعظم کی ذمہ داری ہے ، لیکن بدقسمتی سے بچے مسٹر مودی کے ساتھ بی جے پی کے جھنڈوں کے ساتھ گھوم رہے ہیں۔