نئی دہلی//کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی کی قیادت میں جاری ‘بھارت جوڑو یاترا’ کو مل رہی زبردست حمایت سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) گبھرا گئی ہے ، اس لیے وہ یاترا سے متعلق الٹے سیدھے ویڈیو۔ جاری کررہی ہے جس کو چیلنج کیا جائے گا۔
کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے کہا کہ بی جے پی بھارت جوڑو یاترا کے حوالے سے ڈاکٹروں کا ویڈیو جاری کر رہی ہے لیکن کانگریس اسے ایسا کرنے کی اجازت نہیں دے گی اور اس کے اس عمل کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔
مسٹر رمیش نے کہا ‘‘بھارت جوڑو یاترا کو ملنے والی زبردست عوامی حمایت کو دیکھتے ہوئے ، بوکھلائی بی جے پی نے یاترا کو بدنام کرنے کے لیے ایک ویڈیو جاری کیا ہے ، ہم اس کے خلاف فوری قانونی کارروائی کر رہے ہیں۔ ہم بی جے پی کے ایسے گھناؤنے ہتھکنڈوں کے لیے تیار ہیں۔ انہیں منہ توڑ جواب دیا جائے گا’’۔
ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے سڑکوں کی حالت کے تعلق سے ریاست کی بی جے پی حکومت پر حملہ کیا اور کہا ‘‘بھارت جوڑو یاترا کے 79 ویں دن، ہم مدھیہ پردیش کے کھرگون ضلع میں داخل ہوئے ۔ پچھلے تین دنوں میں یاترا زیادہ تر گڑھوں اور پتھریلی سڑکوں سے گزری ہے ۔ ہم جن سات ریاستوں سے گزرے ہیں ان میں سب سے خراب سڑکیں ہیں۔ بی جے پی پچھلے 19 سالوں میں سے 17 سے زیادہ عرصے سے یہاں اقتدار میں ہے ’’۔