لاہور /۱۹نومبر//
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا علیحدگی کی خبروں اور افواہوں کے بعد بالآخر پہلی بار ایک ساتھ نظر آگئے۔ اسٹار جوڑی کے نئے آنے والے شو کی شوٹنگ سیٹ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جس میں ثانیہ اور شعیب کو ایک دوسرے کے ہمراہ اپنے شو کے سیٹ پر مختلف پوز میں دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سے سٹار جوڑی پر بعض صارفین کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے تو کہیں ان کے مداح اس حوالے سے خوش نظر آرہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ایک مداح نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ کیا طلاق کی افواہیں صرف شو کی اچھی ٹی آر پی کیلئے تھیں؟ اگر طلاق کی خبر جھوٹ ہے تو سن کر بہت اچھا لگا۔
ایک مداح نے لکھا یہ سب سچائی ہے یا ہمیں پاگل بنایا جا رہا ہے، دوسرے نے لکھا اللہ جوڑی سلامت رکھے، کسی نے لکھا یہ تو پرینک ہوگیا، تو کسی نے طلاق کی خبر کو نئے شو کیلئے پبلسٹی اسٹنٹ قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شعیب ملک کی جانب سے اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا کو سوشل میڈیا پر سالگرہ کی مبارکباد دی گئی لیکن ثانیہ مرزا نے کوئی جواب نہ دیا، تھینک یو کہنا تو دور کی بات، پیغام کو لائیک بھی نہیں کیا۔ یاد رہے کہ دونوں کی شادی اپریل 2010ء میں ہوئی تھی اور ان کا ایک 4 سالہ بیٹا اذہان بھی ہے۔