واشنگٹن///
امریکا کے صدر جو بائیڈن نے پولینڈ میں ہونے والے میزائل حملے میں روس کے ملوث ہونے کا الزام مسترد کر دیا۔
پولینڈ نے میزائل حملے کا الزام روس پر عائد کرتے ہوئے قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا اور ملٹری یونٹس کو چوکنا رہنے کا حکم دیا تھا۔دوسری جانب روس نے پولینڈ میں حملے کا الزام یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیزی قرار دیا تھا۔
روسی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ جان بوجھ کر کی جانے والی اشتعال انگیزی کا مقصد صورتحال کو خراب کرنا ہے۔
اس حوالے سے امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کا کہنا تھا ہم معاملے کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔تاہم اب امریکی صدر جو بائیڈن نے میزائل حملے میں روس کے ملوث ہونے کا امکان رد کر دیا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا ہے ابتدائی معلومات کے مطابق میزائل روس نے فائر نہیں کیے، میزائل حملے کی تحقیقات کے لیے پولینڈ سے تعاون کریں گے۔