سرینگر//
لیفٹیننٹ گورنر ‘منوج سنہا نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے لوگ ترقی‘ معاشرے کی خوشحالی اور ملک کا بہتر مستقبل چاہتے ہیں۔
سنہانے کہاکہ یو ٹی میں امن قائم کرنا صرف سکیورٹی فورسز کی ہی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ معاشرے کے ہر طبقے کے علاوہ سول انتظامیہ کا تعاون بھی ضروری ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر ‘ آج ایک میٹنگ میں جموں کشمیر میں جاری ’بیک ٹو ولیج‘پروگرام کا جائزہ لے رہے تھے۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نفرت پھیلانے اور تشدد کو ہوا دینے والے افراد کو الگ تھلگ کرنے کیلئے لوگ اب سڑکوں پر نکل رہے ہیں ۔ لوگ ترقی‘ معاشرے کی خوشحالی اور ملک کا بہتر مستقبل چاہتے ہیں ۔
سنہا کاکہنا تھا کہ یہ صرف پولیس اور سیکورٹی فورسز کی ذمہ داری نہیں ہے کہ وہ امن قائم کریں بلکہ کمیونٹی کے ہر اسٹیک ہولڈر کے ساتھ ساتھ سول انتظامیہ میں شامل افراد کا اولین مقصد ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات کو ترقی کے ثمرات سے لطف اندوز ہونا یقینی بنایا جائے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ بیک ٹو ولیج ہر ایک فرد کو سماج دشمن عناصر کی مذموم کوشش کو ناکام بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ لوگوں کو چاہئے کہ وہ کسی بھی بہانے سے دہشت گردی کے جواز یا معافی کو بے نقاب کریں جو امن میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ‘‘
سنہا نے کہا’پیوپل فرسٹ ‘بیک ٹو ولیج پروگرام کی روح ہونی چاہئے ۔ یہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ عام آدمی کے مفادات کا خیال رکھے اور ان کی خوشحالی میں مدد کرے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے افسران کو بتایا کہ زمین پر موجود افسران کو لوگوں کے ساتھ ساتھ پی آر آئیز کے ساتھ قریبی تال میل اور تعاون قائم کرنا چاہئے ، عوامی خدمات کی فراہمی کے معیار کی نگرانی کرنی چاہئے اور فیلڈ میں موجود رکاوٹوں کا جائزہ لینا چاہئے ۔
سنہا نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد ڈیلیور ایبلز کو پورا کرنا ، خلاء کی نشاندہی کرنا اور فوری اصلاحی اقدامات کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیک ٹو ولیج کے تحت اقدامات کے موثر نفاذ سے معاشی ترقی اور سماجی تبدیلی کو تقویت ملے گی ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ہماری توجہ نوجوانوں ، ہنر مندی کی ترقی ، خود روز گار ، پی آر آئی کی مضبوطی ، نشہ مکت پنچایت ، پائیدار اور جامع ترقی کیلئے فلاحی اسکیموں کی صد فیصد تکمیل پر ہے۔
سنہا نے دورہ کرنے والے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق خود روز گار اور ہنر مندی کے فروغ کے پروگراموں کیلئے نوجوانوں کی شناخت کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو خود روزگار کیلئے مالی امداد فراہم کرنے کیلئے نجی اور سرکاری بینکوں سے تعاون کریں ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ آئی ٹی سے کہا کہ وہ آن لائن گیمنگ جوئے ، سائبر اور انفارمیشن سیکورٹی کے خطرات کے بارے میں نوجوانوں میں بیداری پیدا کریں ۔
سنہا نے کہا کہ بیک ٹو ولیج شمولیتی ترقی ، جن بھاگیداری اور عوامی بیداری کا جشن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو لوگوں کی دہلیز تک لے جانے کی یہ ایک منفرد اور پر جوش مشق ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے امن اور ترقی کے عمل میں عوام ، عوامی نمائندوں اور سرکاری محکموں کے کردار پر روشنی ڈالی ۔
میٹنگوں کے موقع پرلیفٹیننٹ گورنر نے یو ٹی میں جلد کی بیماری کی صورتحال کا جائزہ لیا اور خاص طور پر دیہی علاقوں میں فوگنگ اور ویکسی نیشن کی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت دی ۔
پرنسپل سیکرٹری محکمہ اطلاعات مسٹر روہت کنسل نے میٹنگ کو بیک ٹو ولیج کے چوتھے ایڈیشن کیلئے کارروائی پر مبنی ڈیلیوری ایبل کے بارے میں بتایا ۔