کرائسٹ چرچ//
سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو باآسانی 9 وکٹ سے شکست دے دی۔
131 رنز کے ہدف کے تعاقب کے لیے نیوزی لینڈ کے بیٹر فن ایلن اور ڈیون کونوے نے اننگز کا آغاز کیا اور بڑی پارٹنرشپ قائم کی۔
دونوں اوپنرز نے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور تیزی سے رنز بناتے ہوئے 117 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 117 رنز پر گری جب فن ایلن کو شاداب خان نے 62 رنز پر آؤٹ کیا۔
کیوی ٹیم نے 23 گیندوں قبل ہدف حاصل کیا، ڈیون کونوے 49 اور کین ولیمسن 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل کرائسٹ چرچ میں ٹاس جیت کر پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔
نیوزی لینڈ کے بولر بریس ویل نے 30 رن پر پاکستان کے پہلے کھلاڑی محمد رضوان کی وکٹ حاصل کی۔
وکٹ کیپر بیٹر 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد شان مسعود 14 رنز بنا کر سینٹنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر شاداب خان تھے، وہ 8 رن بنا کر سینٹنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
گزشتہ مقابلے میں بابر اعظم کو آؤٹ نہ کر پانے والی نیوزی لینڈ ٹیم آج پاکستان کے اسٹار بیٹر کی وکٹ لینے میں کامیاب ہوگئی۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ 65 رنز پر گری، بابر اعظم 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
افتخار احمد 27، حیدر علی 8 اور محمد نواز صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ آصف علی 25 رنز پر بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کے بولر ٹم ساؤتھی، مچل سینٹنر اور بریس ویل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اش سوڈھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کے مائیکل بریس ویل کو عمدہ بولنگ پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔