لاہور// پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں 1-0 سے شکست دینے کے بعد آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ سیریز نے انہیں حوصلہ دیا ہے کہ ان کی حکمت عملی اور کھیل کا انداز انہیں ایشیا میں بھی فتح دلا سکتا ہے۔ ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ یہ جیت سری لنکا اور ہندوستان کے آئندہ دوروں کے لیے ان کے اعتماد میں اضافہ کرے گی۔
آسٹریلیا نے پاکستان میں 14 دن کی سخت محنت کے بعد بالآخرجمعہ کو لاہور میں 10 وکٹ حاصل کئے، جن میں سے پانچ ناتھن لیون کے حصے میں آئیں اور کمنز نے خود تین وکٹ لئے۔ کمنز کو اس میچ میں آٹھ وکٹ لینے پر پلیئر آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی 165.33 کی اوسط سے 496 رن بنانے والے عثمان خواجہ پلیئر آف دی سیریز رہے۔ لیکن کمنز، مشل اسٹارک اور کیمرون گرین جیسے تیز گیند بازوں نے سیریز میں آسٹریلیا کے لیے 41 میں سے 23 وکٹ لے کر ثابت کر دیا کہ ایشیا میں نسبتاً سست پچوں پر بھی ان کی تیز گیند بازی رنگ لا سکتی ہے۔
میچ کے بعد کمنز نے کہا ’’شاید سری لنکا کی طرح یہاں گیند سوئنگ نہیں ہوتی ہے۔ لیکن جب ہم ایشیا میں آئے ہیں تو یہ بات بحث میں رہی ہے کہ شاید ہمیں اپنے کھیل کے انداز کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سیریز نے ہمیں دکھایا ہے کہ اگر آپ بالنگ اور بیٹنگ کی بنیادوں پر ٹکے رہیں تو آپ کامیاب ہوسکتے ہیں‘‘۔