سلہٹ// شیفالی ورما (55) کی نصف سنچری اور اسمرتی مندھانا (47) کی کپتانی کی اننگز کی بدولت ہندوستان نے خواتین ایشیا کپ 2022 میں ہفتہ کو بنگلہ دیش کو 59 رنز سے شکست دے دی۔
ہندوستان نے بنگلہ دیش کے سامنے جیت کے لئے 20 اوورز میں 160 رنز کا ہدف رکھا تھا جس کے جواب میں میزبان ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 100 رنز ہی بنا سکی۔
نوجوان کھلاڑی شیفالی نے ہندوستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 44 گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔ اس کے ساتھ ہی 18 سالہ شیفالی ٹی 20 انٹرنیشنل میں 1000 رنز مکمل کرنے والی سب سے نوجوان بلے باز بھی بن گئیں۔
اسمرتی نے شیفالی کا ساتھ دیتے ہوئے 37 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کے لیے 96 رنز کی شراکت قائم کی اور مڈل اوورز میں ناقص بلے بازی کے باوجود ہندوستان نے اس شراکت داری کی بدولت بنگلہ دیش کے سامنے 160 رنز کا مشکل ہدف رکھا۔
بنگلہ دیش کے اوپنرز نے جواب میں 45 رنز کی شراکت قائم کی لیکن ان کے کم اسٹرائیک ریٹ نے ٹیم پر دباؤ ڈالا اور پہلے تین بلے بازوں کے علاوہ کوئی بھی بنگلہ دیشی کھلاڑی دوہرے ہندسے کو نہ چھو سکا۔
ہرمن پریت کور کی غیر موجودگی میں کپتان اسمرتی نے ٹاس جیت کر شیفالی کے ساتھ مل کر بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کو زبردست آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے زبردست بلے بازی کی اور پاور پلے میں 61 رنز جوڑے۔
اسمرتی نے آؤٹ ہونے سے پہلے شیفالی کے ساتھ پہلے وکٹ کے لیے 96 رنز کی شراکت قائم کی، حالانکہبلے باز اننگز کی رفتار کو برقرار نہیں رکھ سکیں۔ اسمرتی 38 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئیں۔ اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے کچھ دیر بعد شیفالی بھی پویلین لوٹ گئیں۔
پہلے 10 اوورز میں 91 رن بنانے کے بعد ہندوستان نے اگلے پانچ اوورز میں صرف 24 رن کا اضافہ کیا۔ جمیما روڈریگز اور دپتی شرما نے آخری تین اووروں میں 34 رنز جوڑ کر ریچا گھوش (چار) اور کرن ناوگیرے (نیل) کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستان کو 159/5 تک پہنچا یا۔ جمیما نے 24 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 35 رنز بنائے جبکہ دپتی نے پانچ گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 10 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے رومانہ احمد نے تین اوورز میں 27 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ سلمیٰ خاتون نے تین اوورز میں 16 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں آنے والی فرغانہ حق اور مرشدہ خاتون نے پہلی وکٹ کے لیے 45 رنز جوڑے لیکن اس کے لیے انھوں نے 55 گیندیں کھیلیں۔ بنگلہ دیش کو آخری 10 اوورز میں 112 رنز درکار تھے۔ مسلسل بڑھتے ہوئے مطلوبہ رن ریٹ نے بنگلہ دیش پر دباؤ ڈالا۔ ٹیم نے اپنی اگلی چھ وکٹیں صرف 27 رنز کے وقفے میں گنوا دیں اور بنگلہ دیش کپتان نگار سلطانہ کی 36 (29) اننگز کے باوجود 20 اوورز میں صرف 100 رنز تک ہی پہنچ سکی۔ سلطانہ کی اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے۔
ہندوستان کی جانب سے دپتی اور شیفالی نے دو دو جبکہ رینوکا سنگھ اور سنیہ رانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔