دبئی// ہندوستان کی اوپنر اسمرتی مندھانا نے انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کی بدولت کیریئر کی بہترین ٹی 20 رینکنگ حاصل کرلی ہے۔
منگل کو جاری کردہ آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق مندھانا نے تین میچوں کی سیریز میں 111 رن کی بدولت ٹی ٹوئنٹی میں دوسرے نمبر حاصل کرلیا ہے، جو کہ ان کے کیریئر کی بہترین ٹی 20 رینکنگ ہے ۔
اس کے علاوہ مندھانا نے پہلے ون ڈے میں 91 رن کی مدد سے ون ڈے رینکنگ میں تین مقام کی چھلانگ لگائی اور اب وہ ساتویں نمبر پر ہیں۔
ہندوستان کی کپتان ہرمن پریت کور ون ڈے میں چار درجے کی ترقی کر کے نویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں، جب کہ آل راؤنڈر دیپتی شرما ایک مقام اوپر چڑھ کر 32 ویں نمبر پر آگئی ہیں۔ وکٹ کیپر یاستیکا بھاٹیہ ہفتہ کو ہوو میں ہندوستان کی سات وکٹ سے جیت کے بعد ون ڈے رینکنگ میں آٹھ مقام چڑھ کر 37 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔
ہندستان-انگلینڈ ٹی 20 سیریز کے بعد ہرمن پریت (بلے بازوں میں ایک درجہ ترقی کر کے 14ویں نمبر پر)، نئی گیند باز رینوکا سنگھ (گیند بازوں میں تین درجے اوپر پہنچ کر 10ویں نمبر پر) اور اسپنر رادھا یادو (گیند بازوں میں چار درجے چڑھ کر 14ویں نمبر پر پہنچ گئیں) نے بھی درجہ بندی میں بہتری کی ہے. آل راؤنڈر اسنیہ رانا اور پوجا وستراکر مشترکہ طورپر 41ویں نمبر پر ہیں۔