دبئی// عالمی کرکٹ کی گورننگ باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منگل کو کھیل کے قوانین میں تبدیلی کرتے ہوئے تھوک کے استعمال پر مستقل پابندی عائد کر دی۔
یہاں جاری کردہ ایک ریلیز میں آئی سی سی نے کہا کہ سورو گنگولی کی زیرقیادت مینز کرکٹ کمیٹی نے ویمنز کرکٹ کمیٹی کی رضامندی سے ایم سی سی کے 2017 کے کرکٹ رولز (تیسرے ایڈیشن) میں تبدیلی کی سفارش کی تھی، جسے چیف ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) نے منظوری دے دی ۔ نئے قوانین کا اطلاق یکم اکتوبر 2022 سے ہوگا اور 16 اکتوبر سے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی استعمال کیا جائے گا۔
آئی سی سی نے کہا کہ جون 2020 میں تھوک کے استعمال پر عائد پابندی کو مستقل کر دیا گیا ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے کرکٹ کو بائیو ببل کے اندر کر دیا گیا تھا اور گیند کو چمکانے کے لیے تھوک کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ آئی سی سی نے دو سال کی مدت کے بعد پابندی کو مستقل کرنے کا فیصلہ کیا، جب بائیو ببلز اب لازمی نہیں ہیں ۔
نئے قوانین کے مطابق جب کوئی بلے باز کیچ آؤٹ ہوتا ہے تو نیا بلے باز اسٹرائیک لے گا، چاہے پچھلے دو بلے باز مخالف ٹیم کے کھلاڑی کے کیچ لینے سے پہلے رن لیتے ہوئے ایک دوسرے کو پار کر چکے ہوں۔ یہ قاعدہ مارچ 2022 میں دنیا کے سامنے آیا تھا اور یکم اکتوبر سے اسے باضابطہ طور پر نافذ کیا جائے گا۔