نئی دہلی// مواصلات، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹکنالوجی اور ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ ملک کے ہر گھر تک کنکٹیویٹی کو یقینی بنانے اور کوریج کے معیار میں بہتری کے لئے محکمہ کے افسران کو اپنی ذہنیت میں شعوری تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ، جس کے لیے ضروری ہے کہ وہ قواعد سے بالاتر ہو کر ترقیاتی ذہن کے ساتھ کام کرنا شروع کریں۔
مسٹر اشونی وشنو نے علاقائی افسران، صدرمحکمہ کے افسران اور صنعتی نمائندوں کی دو روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ اظہار خیال کیا۔ اس کانفرنس کا افتتاح وزیر مملکت برائے مواصلات دیوسنگھ چوہان نے کیا۔ اس میں ٹیلی کام سیکٹر سے متعلق مختلف موضوعات پر اسٹیک ہولڈر کے مشترکہ ورکنگ گروپس کے نتائج اور سفارشات پر غور و خوض کیا گیا۔
مسٹر ویشنو نے یونیورسل ڈیجیٹل شمولیت کے تناظر میں، خاص طور پر ڈیجیٹل معیشت کے تناظر میں بہتر مواصلاتی رابطے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے افسران، ہیڈ کوارٹر، صنعت اور اکیڈمی کے درمیان تعاون کے ذریعے ہی ٹیکنالوجی کی بدلتی ہوئی نوعیت کی مناسبت سے متعلقہ ٹیلی کام سیکٹر کو پروان چڑھایا جاسکتا ہے ۔ مسٹر ویشنو نے کہا کہ موجودہ پرانے ٹیلی کام ایکٹ کی جگہ مستقبل رخی اور مضبوط ٹیلی کام قوانین کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جلد ہی ایک مسودہ عوام کے سامنے مشورے /رائے کے لیے پیش کیا جائے گا۔