سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے بدھوار کو بخشی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا معائینہ کیا۔بخشی سٹیڈیم سری نگر شہر کے بڑے سٹیڈیموں میں سے ایک ہے جس کی بڑے پیمانے پر تزئین و آرائش اور اَپ گریڈیشن کا کام جاری ہے جس پر نیشنل پروجیکٹ کنسٹرکشن کارپوریشن لمٹیڈ کی طرف سے 40.85 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا جارہا ہے ۔مشیر فاروق خان نے سٹیڈیم کا تفصیلی چکر لگاتے ہوئے عمل آوری ایجنسی کے نمائندوں پر زور دیا کہ منصوبے پر کام کی رفتار میں سرعت لائے تاکہ اسے مقررہ مدت کے اَندر مکمل کیا جاسکے۔مشیر موصوف نے متعلقہ عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ سٹیڈیم کے ماحول کو برقرار اور سٹیڈیم کے اِرد گرد نکاسی آب کا مناسب نظام بھی بنایا جائے۔بعدمیں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے شیر کشمیر اِنڈور سٹیڈیم کا بھی دورہ کیا اور کھیل بنیادی ڈھانچے کی پیش رفت اور این پی سی سی کے ذریعے 14.60 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے کئے دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے سٹیڈیم کے مختلف حصوں کی تزئین و آرائش کے تمام کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ تمام کاموں کے معیاراور بنیادی سہولیات بشمو ل لڑکوں او رلڑکیوں کے لئے الگ الگ چینج روم ، لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے الگ الگ واش روم ، جسمانی طور معذور اَفراد کے لئے اِضافی واش روم کو یقینی بنائیں۔مشیر موصوف نے معائینے کے دوران سٹیڈیم میں ہیٹنگ اور لائٹنگ کے اِنتظامات ، نشستوں کا اِنتظام ، وی آئی پی گیلری ، فرش ، بکسنگ رِنگ، باسکٹ بال کورٹ اور دیگر کاموں کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے اِنڈور سٹیڈیم سر ی نگر اور سری نگر سپورٹس کلب ( ایس ایس سی ) کا بھی دورہ کیا اور کلب کے مختلف ٹریننگ سینٹروں کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے کلب کے یوگا سینٹر کا دورہ کیا اور تربیت دینے والے اور تربیت حاصل کرنے والوں کے ساتھ اِستفساری گفتگو کی۔مشیر فاروق خان نے یوگا کی تربیت یافتہ اَفراد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کسی فرد کی شخصیت کی نشو و نما میں اہم کردار اَدا کرتے ہیں اور انہیں جسمانی طور پر فٹ رہنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔ اُنہوں نے تربیت حاصل کرنے والوں سے کہا کہ وہ پوری لگن کے ساتھ یوگا کریں کیوں کہ اس سے انہیں فٹ اور صحت مند جسم کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی جس سے وہ دیگر کھیلوں میں سبقت لے سکتے ہیں۔مشیر موصوف نے دورے کے دوران کلب کے لائبریری ہال کا بھی معائینہ کیا ۔ اُنہوں نے سپورٹس کونسل کے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ کھلاڑیوں کی بھلائی کے لئے تمام اہم کھیلوں کی شخصیات کی سوانح حیات اور آٹو بائیو گرافیاں ہال میں رکھیں۔ اُنہوں نے شطرنج او رکیرم سینٹر ، ٹیبل ٹینس ہال اور کلب کے دیگر سینٹروں کا بھی معائینہ کیا ۔اُنہوں نے کلب کے جوڈو اور بکسنگ سیکھنے والوں کے ساتھ گفتگو کی۔لیفٹیننٹ گورنر مشیر فاروق خان نے عمل آوری ایجنسیوں کے اَفسران اور نمائندوں کے ساتھ استفسارکرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ تمام جاری کاموں کی رفتار میں سرعت لائیں تاکہ وہ مقررہ مدت کے اندر مکمل ہوسکیں ۔ اُنہوں نے کلب میں تمام مطلوبہ سہولتیں قائم کرنے کو بھی کہا تاکہ کھلاڑیوں اورٹرینیوںکی مناسب طریقے سے تیار ی ہو اور جموںوکشمیر مختلف کھیلوں میں معیاری کھلاڑی پیدا کرسکیں۔