نئی دہلی// پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے ہفتہ کو یہاں راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی اور انہیں ریاست کے دورے کی دعوت دی۔
پنجاب حکومت کی ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ‘‘وزیر اعلیٰ نے آج صبح راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ سے ملاقات کی اور انہیں عظیم گروؤں، سنتوں اور اولیاء کی سرزمین پنجاب کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
ریلیز کے مطابق مسٹر مان نے محترمہ مرمو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب تہذیب کا گہوارہ ہے اور اسے ایک بھرپور ثقافت ورثے میں ملی ہے ۔
مسٹر مان نے صدر کو پنجاب کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کو پنجاب کا دورہ کرنا چاہیے اور پنجابیوں کی گرمجوشی سے لطف اندوز ہونے کے علاوہ اس شاندار ثقافتی ورثے کا تجربہ کرنا چاہیے ۔
بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کا جرمنی کا آئندہ دورہ ریاست میں معاشی سرگرمیوں کو بڑا فروغ دے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ برلن، میونخ اور فرینکفرٹ کے دورے کے دوران مینوفیکچرنگ، ٹورزم، فارماسیوٹیکل اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے خواہشمند دیگر شعبوں میں سرکردہ کمپنیوں سے ملاقات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری کوشش کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پنجاب ملک اور پوری دنیا میں سرمایہ کاری کے لیے سب سے پسندیدہ مقام کے طور پر ابھرے ۔
ریاست کو صنعتی مرکز کے طور پر ابھرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت اس کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے ۔