رملہ ///
مقبوضہ فلسطین سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے ایک اور فلسطینی کو شہید کر دیا۔العربیہ اور الحدث کے نامہ نگاروں نے اپنے مراسلوں میں بتایا کہ غرب اردن میں رام اللہ کے مشرق میں گاؤں بیتین میں جمعرات 8 ستمبر کو علی الصباح صہیونی سکیورٹی اہلکاروں نے فلسطینی کو گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
ایک رپورٹر نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے جنین پناہ گزین کیمپ پر بھی دھاوا بول دیا، اس دوران شدید جھڑپیں شروع ہو گئیں جن میں ایک اسرائیلی اہلکار معمولی زخمی ہوا۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا بدھ رات گئے شمالی رام اللہ میں فلسطینی کو اس وقت ہلاک کیا گیا جب اس نے مبینہ طور پر ایک فوجی پر ہتھوڑے سے حملہ کر دیا۔ چاقو کے وار سے اسرائیلی اہلکار کے چہرے پر زخم آئے۔فوجی ترجمان نے وضاحت کی کہ جواب میں فوجی اہلکار نے فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر مشتبہ حملہ آور مارا گیا۔
دوسری طرف جنین میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جس میں ایک فلسطینی نوجوان شہید اور 7 زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینی کیمپ پر حملہ کیا تھا۔فلسطینی خبر ایجنسی ’’وفا‘‘ کے مطابق جنین ہسپتال کے ڈائریکٹر وسام بکر نے بتایا کہ منگل کی صبح 29 سالہ محمد موسی نے دم توڑا۔ 7 زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔