واشنگٹن//
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ خلیجی دورے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے جن قائدین سے وہ ملے، وہ عظیم لوگ ہیں اور اپنی سرزمین سے محبت رکھتے ہیں۔ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں "فوکس نیوز” سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ ایک شان دار علاقہ ہے، تاہم سابق صدر بائیڈن نے اس خطے کے ساتھ اچھا برتاؤ نہیں کیا۔صدر ٹرمپ، جو اپنی دوسری مدتِ صدارت میں خلیجی ممالک کے پہلے دورے کے آغاز پر ریاض پہنچے تھے، نے بتایا کہ آئندہ برسوں میں سعودی عرب کی آمدنی کا پچاس فی صد حصہ غیر تیل کے ذرائع سے حاصل ہو گا۔سعودی عرب نے حقیقت میں اس ہدف کو حاصل بھی کر لیا ہے، جیسا کہ وژن 2030 کی سالانہ رپورٹ کے نتائج میں ظاہر ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2024 میں سعودی عرب کی مجموعی ملکی پیداوار میں غیر تیل شعبوں کا حصہ 51 فی صد رہا، جو کہ تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ یہ نتائج وزارتِ معیشت و منصوبہ بندی کی جانب سے سعودی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کی بنیاد پر کیے گئے تجزیے پر مبنی ہیں۔ٹرمپ کے خلیجی دورے کے دوران کئی تاریخی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ صدر ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کے مستقبل کو سعودی عرب سے جڑا ہوا قرار دیا اور ایک بار پھر زور دے کر کہا کہ ان کا سعودی عرب کا دورہ ایک بہترین دورہ رہا۔ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ ان کے ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ تعلقات نہایت خوش گوار ہیں۔ ان کی ریاض آمد کے پہلے ہی دن 300 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کے سرکاری معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔