دبئی//ہندوستان کو ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے منگل کو کھیلے جانے والے سپر -4 میچ میں سری لنکا کو ہرانا ہوگا جبکہ سری لنکا کی ٹیم مسلسل دوسری جیت درج کرکے فائنل کے لئے دعویٰ مضبوط کرنے کی کوشش کرے گی۔
سپر 4 میں سری لنکا اور پاکستان نے ایک ایک میچ جیتا ہے جبکہ ہندوستان اپنا پہلا میچ ہار چکا ہے۔ ہندوستان کو فائنل کی دوڑ میں برقرار رہنے کے لئے سری لنکا کے خلاف ہر حال میں جیت درج کرنا ہوگی۔
ٹیم انڈیا کو ایشیا کپ کے سپر 4 راؤنڈ کے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اب فائنل میں پہنچنے کے لیے اسے دونوں میچ جیتنا ہوں گے اور اپنے بہتر رن ریٹ کا بھی خیال رکھنا ہوگا۔ ہندوستان کو اب سری لنکا اور افغانستان سے مقابلہ کرنا ہے، وہ دو ٹیمیں جو لیگ مرحلے میں گروپ بی سے یہاں آئی ہیں۔
دوسری جانب سری لنکا کی ٹیم افغانستان کو شکست دے کر یہاں آئی ہے اور اب وہ اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھنا چاہے گی۔ داسن شاناکا کی کپتانی میں کھیلنے والی اس ٹیم کے آخری دو میچز کو دیکھیں تو ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ لیگ مرحلے میں افغانستان سے ہارنے کے بعد، اس نے پہلے بنگلہ دیش کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کا راستہ دکھایا اور پھر سپر 4 راؤنڈ کے اپنے پہلے میچ میں افغانستان سے لیگ مرحلے کی شکست کا بدلہ لیا۔
ہندوستان نے پاکستان کے خلاف بہت سی غلطیاں کیں جس کا خمیازہ اسے میچ ہار کر چکانا پڑا۔ اب ٹیم انڈیا ان غلطیوں کو درست کرنے پر غور کرے گی۔
پاکستان کے خلاف ابتدائی میچ جیتنے میں اہم کردار ادا کرنے والے ہاردک پانڈیا مہنگے ثابت ہوئے۔ یوزویندر چہل کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا جو ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین فارم میں نظر نہیں آ رہے ہیں۔ اکشر پٹیل کو ٹیم کو توازن فراہم کرنے کے لیے پلیئنگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے، جنہیں جدیجہ کی جگہ بلایا گیا ہے۔
پاکستان کے خلاف میچ سے قبل اویس خان کی طبیعت ناساز تھی، وہ تیسرے ماہر فاسٹ بولر کے طور پر ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔ ہیڈ کوچ راہل ڈراوڑ نے اصرار کیا کہ ہندوستان ورلڈ کپ سے قبل اپنی بہترین پلیئنگ الیون کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کرے گا لیکن روہت شرما کی قیادت والی ٹیم کا تجربہ کرنا جاری ہے۔ ٹیم میں ‘رشبھ پنت بمقابلہ دنیش کارتک’ کی بحث چل جاری ہے۔
بھلے ہی اس وقت گیندبازی کے متبادل کافی نہ ہوں لیکن ٹیم انڈیا کو اپنے مڈل آرڈر کے بارے میں فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے خلاف میچ کی مثبت بات یہ تھی کہ ٹاپ آرڈر نے بہت اچھا کام کیا۔ روہت، کے ایل راہل اور وراٹ کوہلی تینوں نے کافی جارحانہ مظاہرہ کیا اور ہندوستان کو تیز شروعات دلائی۔ ایشیا کپ میں ان کی مسلسل دوسری نصف سنچری کے بعد کوہلی کے ناقدین بالآخر خاموش نظر آرہے ہیں۔ وہ بھلے ہی اپنی بہترین فارم میں نہ ہوں لیکن اتوار کو انہوں نے اشارہ دیا کہ وہ اس کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی 20 انٹرنیشنل میں اب تک 25 میچز ہو چکے ہیں جن میں سے ہندوستان نے 17 اور سری لنکا نے سات جیتے ہیں۔ ایک میچ کا نتیجہ نہیں نکلا۔