دوبئی// ایشیا کپ 2022 میں ہندوستان اور پاکستان ایک ہفتہ بعد اتوار کو ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے اور پاکستان پچھلی شکست کا بدلہ لینے کی پوری کوشش کرے گا جبکہ ہندوستان اپنے پڑوسی حریفوں کے ساتھ جیت کا سلسلہ جاری رکھنے کی کوشش کرے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سپر 4 کا میچ اتوار کو دوبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
افتتاحی میچ میں ہندوستان کے ہاتھوں پانچ وکٹوں سے ہارنے کے بعد پاکستان نے جمعہ کے میچ میں ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست دے کر سپر 4 میں جگہ بنالی۔ اس جیت کے ساتھ ہی بابر اعظم کی ٹیم نے اپنا کھویا ہوا اعتماد دوبارہ حاصل کر لیا ہے اور اب وہ دوبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ایک بار پھر ہندوستان سے اپنی پچھلی شکست کا بدلہ لینے کے لیے تیار ہے۔
اگر ٹیم کمبی نیشن کی بات کی جائے تو اس ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کے کپتان وکٹ پر جدوجہد کرتے نظر آئے ہیں۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے دونوں میچوں میں بالترتیب 10 اور 9 رنز بنائے، ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے بالترتیب 12 اور 21 رنز بنائے۔ ایسے میں دونوں ٹیموں کو اس میچ میں کپتانی کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط آغاز دینا ہوگا۔ ہندوستانی شائقین کی نظریں لوکیش راہل پر بھی ہوں گی جو انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد کوئی بڑا اسکور نہیں کر پائے ہیں۔ اگر لوکیش ایشیا کپ کے بقیہ میچوں میں رنز نہیں بنا پاتے ہیں تو اگلے ماہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے اسکواڈ میں ان کی جگہ سوالیہ نشان بن سکتی ہے۔
ہندوستان کو وراٹ کوہلی سے بہت امیدیں ہوں گی، جو پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔