پٹنہ// بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے بدعنوانوں کو بچانے کے اپوزیشن کے الزام پر آج جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بدعنوان کو بچایا نہیں جا رہا ہے ۔
جمعہ کو سابق وزیر اعلیٰ داروغہ پرساد رائے کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر کمار نے کہا، "کسی بدعنوان کو نہیں بچایا جا رہا ہے اور جان لیجئے کہ بدعنوان کو کوئی نہیں بچائے گا۔ ہم لوگوں نے یہاں کسی بدعنوان کوبرداشت نہیں کیاہے ۔خود ہی اس پر سوچنا چاہئے ۔ ہمیں کوئی پرواہ نہیں کہ کوئی کیا کہتا ہے ۔”
وزیراعلیٰ نے جھارکھنڈ میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر طنز کیا اور کہا کہ وہاں کی سیاسی ہنگامہ آرائی سب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر واجپئی جب ملک کے وزیر اعظم تھے تو ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، اچھا کام کیا۔ انہوں نے سبھوں کا خیال رکھا۔ جب سے مجھے بہار کے لوگوں نے یہاں کام کرنے کا موقع دیا ہے ، جو بھی ساتھ رہے ، سب کے ساتھ مل کر ترقیاتی کام کرتے رہے ہیں۔مرکز میں جو ہیں کچھ بولتے رہتے ہیں ، اس پر ہم دھیان نہیں دیتے ہیں۔