نئی دہلی// صدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں تمغہ جیتنے والے پہلوانوں کو ان کی غیر معمولی کارکردگی کے لیے مبارکباد دی ہے۔ ہندوستانی کشتی دستے نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دولت مشترکہ کھیلوں کے 8ویں دن 6 تمغے جیتے جن میں 3 گولڈ، 1 سلور اور 2 برانز شامل تھے۔
مردوں کی فری اسٹائل 65 کلوگرام ریسلنگ میں بجرنگ پونیا، مردوں کی فری اسٹائل 86 کلوگرام ریسلنگ میں دیپک پونیا اور خواتین کے فری اسٹائل 62 کلوگرام میں ساکشی ملک نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ انشو ملک نے خواتین کے فری اسٹائل 57 کلوگرام میں چاندی کا تمغہ جیتا، خواتین کے فری اسٹائل 68 کلوگرام میں دویا ککرن نے اور موہت گریوال نے مردوں کے فری اسٹائل 125 کلوگرام میں کانسے کا تمغہ جیتا۔
صدر دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر اور ملک کے کونے کونے سے ہندوستان کے لوگوں نے تمغہ جیتنے والوں کو ان کی کامیابیوں پر مبارکباد دی ہے۔
صدر نے ٹویٹ کیاکہ "ساکشی ملک نے کامن ویلتھ گیمز میں ریسلنگ میں تاریخی گولڈ میڈل جیتا ہے۔ انہوں نے ایک سخت چیلنج پر قابو پا کر ہندوستانیوں کا سر فخر سے بلند کیا۔ آپ ہمارے نوجوانوں، خاص طور پر لڑکیوں کے لیے ایک رول ماڈل ہیں۔ آپ کامیابی کی سیڑھی پر چڑھتے رہے۔ دلی مبارکباد!
ایک اور ٹویٹ میں صدر نے کہاکہ "بجرنگ پونیا کو دولت مشترکہ کھیلوں میں کشتی میں لگاتار دوسرا طلائی تمغہ جیتنے اور تاریخ رقم کرنے پر مبارکباد۔ آپ کی استقامت، لگن اور عمدگی ہمارے نوجوانوں کے لیے ایک تحریک ہے۔ آپ کے طلائی تمغے درحقیقت آپ کو سب سے بہترین بننے کی چاہت اور آپ نئے ہندوستان کی روح کی عکاسی کرتے ہیں۔‘‘