نئی دہلی// سپریم کورٹ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ڈائریکٹر سنجے کمار مشرا کی مدت ملازمت میں توسیع کے جواز کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر منگل کے روز مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔
چیف جسٹس این وی رمن کی سربراہی والی بنچ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان درخواستوں پر 10 دن کے بعد سماعت کرے گی۔
ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) اور کانگریس لیڈران جیا ٹھاکر، رندیپ سنگھ سورجے والا، ساکیت گوکھلے ، مہوا موئترا اور ایڈوکیٹ ایم ایل شرما کے علاوہ کرشن چندر سنگھ اور ونیت نارائن نے ای ڈی ڈائریکٹر کی مدت ملازمت میں توسیع کو چیلنج کیا تھا۔ عرضی گزاروں نے مرکزی حکومت کے ذریعہ مسٹر سنجے مشرا کی میعاد میں مزید ایک سال کی توسیع کے لیے 17 نومبر 2021 کو جاری ہونے والے حکم کو چیلنج کیا ہے ۔
درخواست میں سنٹرل ویجیلنس کمیشن (ترمیمی) ایکٹ 2021 کے جواز کو بھی چیلنج کیا گیا ہے ، جس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر کی میعاد میں پانچ سال تک توسیع کی اجازت دی گئی تھی۔ سینئر وکیل اے ایم سنگھوی نے کانگریس لیڈر مسٹر سورجے والا کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترمیم کو غیر منصفانہ قرار دیا گیا ہے جس میں مرکزی حکومت کو ای ڈی ڈائریکٹر کو پانچ سال تک کی سالانہ توسیع دینے کی اجازت دی گئی ہے ۔
انہوں نے کامن کاز بمقابلہ یونین آف انڈیا کے فیصلے کا ذکر کیا، جس کے ذریعے سپریم کورٹ نے 2021 میں ہدایت دی تھی کہ مسٹر مشرا کو مزید توسیع نہیں دی جا سکتی ہے ۔ سماعت کے دوران ایک دوسرے وکیل نے کہا کہ مسٹر مشرا کی مدت ملازمت میں توسیع عدالت عظمیٰ کی ہدایات کی سراسر خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے ای ڈی کے ڈائریکٹر کے طور پر چار سال مکمل کر لیے ہیں۔ دوسرے وکیل نے دلیل دی کہ ای ڈی کے ڈائریکٹر مسٹر مشرا 2017-2020 کے دوران اپنی غیر منقولہ جائیداد کے ریٹرن اپ لوڈ کرنے میں ناکام رہے ۔ وکیل نے کہا کہ ویجیلنس رولز اور آفیشل میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ ریٹرن اپ لوڈ نہ ہونے پر تقرری کو منظوری نہیں دی جائے گی۔