جموں و کشمیر وقف بورڈ کی کارکردگی کو ملک میں بہترین قرار دیا
(ویب ڈیسک)
سرینگر؍۲۳ نومبر
مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے پیر کے روز سرینگر کے کتھی دروازہ میں بی بی حلیمہ کالج آف نرسنگ اینڈ میڈیکل ٹیکنالوجی کا افتتاح کیا اور جموں و کشمیر وقف بورڈ کے اقدامات کی سراہنا کرتے ہوئے اس کی کارکردگی کو ملک کے تمام وقف بورڈوں میں بہترین قرار دیا۔
کرن رجیجو، جو دن کے اوائل میں سرینگر ہوائی اڈے پہنچے تھے، افتتاحی تقریب میں شرکت سے قبل جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے ان کا استقبال کیا۔
کالج کے بنیادی ڈھانچے کا افتتاح کرنے کے بعد مرکزی وزیر نے درخشاں اندرابی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور مرکز کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
رجیجو نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’مجھے بہت خوشی ہے کہ جموں و کشمیر وقف بورڈ نے بہت سارے کام انجام دیے ہیں۔ مجھے ان میں سے بعض اقدامات کا افتتاح کرنے کا موقع ملا ہے۔ حلیمہ بی بی نرسنگ کالج میں بھی کئی ترقیاتی کام ہوئے ہیں اور مجھے اس کے بعض بنیادی ڈھانچے کا افتتاح کرنے کا موقع ملا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’میں درخشاں اندرابی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ جموں و کشمیر وقف بورڈ ملک کے تمام وقف بورڈوں میں بہترین کام کر رہا ہے۔ اسے حکومت ہند اور میری جانب سے مکمل تعاون حاصل ہوگا۔‘‘
ادارے میں دستیاب سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے رجیجو نے کہا کہ یہ کالج جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
مرکزی وزیر نے کہا، ’’میں نرسنگ کالج میں انتظامات اور نظم و نسق سے بہت متاثر ہوں۔ یہاں سہولیات، کمرے اور مجموعی ڈھانچہ بہترین ہے۔ یہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے ایک بڑی پیش رفت ثابت ہوگا۔‘‘
رجیجو نے یہ بھی کہا کہ اپنے دورہ کشمیر کے دوران وہ حضرت بل درگاہ اور شیرِ کشمیر یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کریں گے۔
کالج کا افتتاح جموں و کشمیر وقف بورڈ کی جانب سے اس مرکز کے زیر انتظام علاقے میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں تربیت کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں ایک اور پیش رفت ہے۔










