ڈی آئی پی آر
جموں؍۲۳ نومبر
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گرو نانک دیو جی کے پرکاش پرو/گرو نانک جینتی کے موقع پر لوگوں، خصوصاً سکھ برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔
ایک پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ گرو نانک دیو جی کے پرکاش پرو کے مبارک موقع پر وہ سبھی لوگوں کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرو نانک دیو جی کا محبت، سچائی، ہمدردی، تمام انسانوں کی مساوات اور بے لوث خدمت کا لازوال پیغام آج بھی انسانیت کی رہنمائی کررہا ہے۔
سنہا نے لوگوں پر زور دیا کہ گرو نانک دیو جی کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنے کا عہد کریں اور انسانیت کی خدمت و فلاح کے لیے خود کو وقف کریں۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی اس مبارک موقع پر سکھ برادری کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ گرو نانک دیو جی کی لازوال تعلیمات، جو ہمدردی، مساوات، اتحاد اور بے لوث خدمت پر مبنی ہیں، آج بھی انسانیت کو متاثر کرتی ہیں اور مختلف برادریوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں۔
عمرعبداللہ نے ایک پُرامن اور ہم آہنگ معاشرے کی تشکیل کے لیے باہمی احترام، بھائی چارے اور شمولیت کی اقدار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر جشن منانے والے تمام افراد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ گرو نانک دیو جی کی تعلیمات جموں و کشمیر میں امن، خوشحالی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی راہ پر معاشرے کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔










