سرینگر؍۱۳؍اکتوبر
جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ناچلانہ کے قریب پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک ٹرک گہری کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور کی موت ہو گئی جبکہ کنڈکٹر زخمی ہو گیا۔
حکام کے مطابق ٹرک سرینگر سے گجرات کی طرف جا رہا تھا کہ بانہال کے قریب اس کا ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا اور ٹرک تقریباً۷۰سے۸۰ فٹ گہری کھائی میں جا گرا۔
حادثے میں ڈرائیور اور کنڈکٹر دونوں زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال بانہال منتقل کیا گیا۔ وہاں ڈاکٹروں نے ڈرائیور کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ کنڈکٹر کا علاج جاری ہے۔
متوفی کی شناخت راجستھان کے باڑمیر علاقے کے رہائشی صادق خان کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمی کنڈکٹر کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی ہے۔ وہ بھی باڑمیر کا رہنے والا ہے۔
دریں اثنا، ڈوڈہ ضلع کے بھلہ علاقے میں شینائی کے قریب منگل کو ایک گاڑی الٹنے سے دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق حادثے کے بعد تمام زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔
زخمیوں کی شناخت بھدرواہ کے گوتھا علاقے کے رہائشی۳۵ سالہ عاشق حسین ولد غلام رسول، بھلہ کے براسو علاقے کے رہائشی۴۸ سالہ محمد جاوید ولد طالب حسین، ان کی۴۶ سالہ اہلیہ روبینہ بیگم اور بھدرواہ کی رہائشی۳۵سالہ انشا زوجہ راشد احمد کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے دونوں حادثات کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تفصیلات کی تصدیق شروع کر دی ہے۔
دریں اثنا شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد علاقے میں ہادی پورہ کے مقام پر منگل کی شام قومی شاہراہ پر ایک نامعلوم گاڑی نے سائیکل سوار کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
متوفی کی شناخت ہادی پورہ، رفیع آباد کے رہائشی نذیر احمد لون ولد غلام رسول لون کے طور پر ہوئی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی۔ حکام کے مطابق حادثے میں ملوث گاڑی کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں)










