سرینگر؍۱۳؍اکتوبر
کشمیر کے بالائی علاقوں میں منگل کو تازہ برف باری ہوئی، جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ۴۸ گھنٹوں کے دوران موسم مزید خراب رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
حکام کے مطابق، وادی میں فعال مغربی ہواؤں کے زیر اثر بالائی علاقوں کے متعدد مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری ہوئی۔
حکام نے بتایا کہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور سونہ مرگ کے علاوہ زوجیلا محور پر بھی تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب، گرمائی دارالحکومت سرینگر سمیت وادی کے میدانی علاقوں میں بارش ہوئی، جو آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق۱۳ سے۱۵؍اکتوبر تک متعدد مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمے نے بتایا کہ۱۶؍اکتوبر کو موسم عمومی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بعض مقامات پر مختصر وقت کے لیے ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔اس کے بعد۲۴؍ اکتوبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










