جموں؍۱۳؍اکتوبر
جموں شہر کے مضافاتی علاقے میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی خاتون کی لاش منگل کے روز تین روز تک جاری رہنے والے تلاشی آپریشن کے بعد برآمد کر لی گئی۔
حکام کے مطابق اس کارروائی میں ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، قومی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور مقامی پولیس کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
حکام نے بتایا کہ۱۱؍اکتوبر کو شدید بارشوں کے بعد جموں شہر کے چنور علاقے میں باگانی تالاب۔فلورا نالے میں تیز سیلابی ریلے نے رخسانہ کوثر زوجہ محمد کلیم کو بہا لیا تھا۔
ایس ڈی آر ایف کی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس البینہ ملک نے بتایا کہ منگل کی شام سیلاب سے متاثرہ علاقوں، بشمول دومانہ کے گمپل علاقے میں تلاشی کارروائی کے دوران خاتون کی لاش سیلابی نالے سے برآمد کی گئی۔
متوفیہ کے اہل خانہ نے لاش کی تلاش اور برآمدگی میں تعاون کرنے والی ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔البینہ ملک کے مطابق تیز پانی کے بہاؤ اور دشوار گزار علاقے کے باعث امدادی اہلکاروں کو کارروائی کے دوران سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حکام نے بتایا کہ ایس ڈی آر ایف کے کمانڈنٹ محمد اسلم نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے صورت حال کا جائزہ لیا اور جاری تلاشی آپریشن کا معائنہ کیا۔ ان کے ہمراہ دومانہ کے سب ڈویژنل پولیس افسر طاہر شیخ، ایس ڈی آر ایف کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دنیش گپتا اور ایس ڈی آر ایف کے ڈپٹی ایس پی (ٹریننگ) روہت دیو سنگھ بھی موجود تھے۔
افسران نے موقع پر تعینات اہلکاروں سے بات چیت کی اور کارروائی کے دوران درپیش مشکلات کا جائزہ لیا۔ محمد اسلم نے ٹیموں کو باہمی تال میل برقرار رکھنے اور لگن و عزم کے ساتھ تلاشی آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت دی۔
اہل خانہ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب میاں بیوی اپنی گاڑی کو سیلابی ریلے میں بہنے سے بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔ گاڑی بند ہو جانے کے بعد کلیم اسے پیچھے کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اسی دوران دونوں تیز پانی کے بہاؤ میں پھنس گئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










