امریکہ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور نمیبیا کے خلاف جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 سہ فریقی سیریز کے لیے پاکستان کی سابق انڈر 19 ٹیم کے کپتان اور دنیا بھر میں ٹی-20 کرکٹ کھیلنے والے آل راؤنڈر حسن خان کو اپنی ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔ حسن خان ہیمسٹرنگ کی چوٹ کے باعث سیریز سے باہر ہونے والے تیز گیندباز علی خان کی جگہ لیں گے۔ بائیں ہاتھ کے اسپن آل راؤنڈر حسن خان 16 اکتوبر کو 28 برس کے ہوجائیں گے۔
حسن خان نے اپنے کیریئر میں نمایاں تبدیلی لاتے ہوئے پاکستان میں نظر انداز کیے جانے والے کھلاڑی سے ٹی-20 فرنچائز کرکٹ کے معروف آل راؤنڈرز میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ انہوں نے 2018 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی کپتانی کی تھی، جس ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی اور موسیٰ خان جیسے کھلاڑی شامل تھے، جو بعد میں پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کھیل چکے ہیں۔
آٹھ سال بعد جب ان کے ساتھ کھیلنے والے کئی کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں، حسن خان کو سینئر بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھنے کا پہلا موقع امریکی ٹیم کی جانب سے ملا ہے۔ کئی معنوں میں امریکہ ہی وہ جگہ ہے جہاں حسن خان کے کیریئر کو نئی سمت ملی۔ پاکستان میں ان کا کیریئر تقریباً رک جانے کے بعد انہوں نے امریکی کرکٹ کا رخ کیا۔
کبھی پاکستان کے باصلاحیت نوجوان آل راؤنڈرز میں شمار ہونے والے حسن خان کو ابتدائی کامیابی کے بعد پاکستان سپر لیگ میں کبھی کبھار ہی کھیلنے کا موقع ملا۔ انہیں مسلسل کئی سیزن تک پی ایس ایل ڈرافٹ میں منتخب نہیں کیا گیا، جس کے بعد بہتر مستقبل کی تلاش میں انہوں نے امریکہ کا رخ کیا۔
امریکی ٹیم میں شمولیت حسن خان کے کیریئر میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے۔ امریکہ کو امید ہوگی کہ وہ فوری طور پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے اور فروری میں ہونے والے اہم ورلڈ کپ کوالیفائرز سے قبل ٹیم میں اپنی جگہ مضبوط کرنے میں کامیاب رہیں گے۔



