نئی دہلی، 7 اکتوبر (یواین آئی) ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) نے 2036 اولمپک اور پیرا اولمپک کھیلوں کی میزبانی کی دوڑ میں شامل شہروں اور ممالک کے ناموں کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ احمدآباد کو مرکز میں رکھتے ہوئے ہندوستان کی میزبانی کی منصوبہ بندی گزشتہ 18 ماہ کے دوران بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے ساتھ مثبت اور تعمیری بات چیت کے ذریعے تیار کی گئی ہے۔
ہندوستان کا وژن ‘رائزنگ ٹوگیدر اس تصور پر مبنی ہے کہ 2036 کھیلوں کے ذریعے ملک میں جاری تبدیلی اور اولمپک موومنٹ کے مستقبل کو ایک ساتھ آگے بڑھانے کا بڑا موقع ہوسکتا ہے۔ میزبانی کا مقصد کھیلوں کو روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بنانا، لاکھوں نوجوانوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کے لیے حوصلہ دینا اور صحت مند و فعال طرز زندگی کو فروغ دینا ہے۔
آئی او اے کی صدر پی ٹی اوشا نے کہا کہ 2036 کے کھیلوں کے لیے ہندوستان کے وژن کو آئی او سی سے ملنے والی شناخت باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘رائزنگ ٹوگیدر محض نعرہ نہیں بلکہ ہندوستان کی توانائی، امنگ اور تنوع کو مشترکہ اولمپک خواب سے جوڑنے کا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایسے کھیلوں کی میزبانی کرنا چاہتا ہے جو نوجوان اور تیزی سے ترقی کرتے ملک کی عکاسی کریں اور اولمپک و پیرا اولمپک موومنٹ کو نئی نسلوں اور نئے معاشروں تک پہنچانے میں مدد کریں۔
مرکزی وزیر محنت و روزگار اور نوجوان امور و کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے کہا کہ 2036 کے لیے ہندوستان کا وژن اس خیال پر مبنی ہے کہ کھیل ملک کے مستقبل کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ان کے مطابق اولمپک اور پیرا اولمپک کھیلوں کی میزبانی لاکھوں نوجوانوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دے گی، صحت مند معاشرے کی تشکیل میں مدد کرے گی اور نوجوانوں کے لیے تعلیم، روزگار اور سماجی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔



