سری نگر؍۷؍ اکتوبر
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بدھ کے روز مختلف وفود اور نمائندوں نے ملاقات کرکے اپنے متعلقہ شعبوں سے متعلق ترقیاتی، فلاحی اور دیگر اہم امور ان کے سامنے رکھے۔
سیو شاردا کمیٹی کے چیئرمین اور آل انڈیا کشمیری سماج کے صدر رویندر پنڈتا نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کے دوران کپواڑہ کے ٹیٹوال علاقے میں لائن آف کنٹرول کے قریب واقع ماں شاردا مندر کی ترقی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ان کے ہمراہ مہاویر تھوسو بھی تھے۔
ملاقات کے دوران سرحدی اور مذہبی سیاحت کے فروغ، یاتریوں کے لیے سہولیات میں اضافہ اور ٹیٹوال میں یاتری نواس کے قیام سمیت مختلف معاملات زیر بحث آئے۔ رویندر پنڈتا نے بتایا کہ شاردا مندر میں یاتریوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور رواں سال مندر آنے والے یاتریوں کی تعداد۱۰ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
دریں اثنا، پشمینہ کاروباری افراد، سازندوں اور دستکاروں کی تنظیم ’’پیما فاؤنڈیشن‘‘ کے صدر طارق ڈار کی قیادت میں ایک وفد نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی۔ وفد میں فاؤنڈیشن کے چیئرمین عمران رشید اور سیکریٹری عبد المنان بابا شامل تھے۔
وفد نے پشمینہ دستکار ایوارڈز کے لیے مسلسل تعاون پر لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ ادا کیا اور جموں و کشمیر کے دستکاروں اور ان کے ہنر کو فروغ دینے کے لیے انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔
سابق صدر میونسپل کونسل بارہمولہ عمر کاکرو نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کرکے بارہمولہ سے متعلق مختلف ترقیاتی امور ان کے سامنے رکھے۔
بعد ازاں جموں و کشمیر ہینڈلوم کوآپریٹو سوسائٹیز اور ویورز ایسوسی ایشن کے صدر غلام جیلانی زرگر کی قیادت میں ایک وفد نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور انہیں ایک یادداشت پیش کی۔ یادداشت میں جموں و کشمیر میں ہینڈلوم شعبے کی ترقی اور فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
آل انڈیا گجر بکروال فاؤنڈیشن کے قومی مشیر سید بشارت حسین موسیٰ کی قیادت میں ایک وفد نے بھی منوج سنہا سے ملاقات کی۔ وفد نے خواندگی مشن کے ملازمین، موسمی اساتذہ اور محکمہ صحت سے وابستہ صفائی کارکنوں سے متعلق مختلف مسائل لیفٹیننٹ گورنر کے سامنے پیش کیے۔
اس موقع پر جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے کسان کانگریس کے چیئرمین بھارت پریے نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور یونین ٹیریٹری کے کسانوں اور سرحدی علاقوں کے رہائشیوں سے متعلق مختلف فلاحی مسائل اٹھائے۔
کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن ٹھاکر رندیپ بھنڈاری نے بھی لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔
۔۔۔۔۔۔۔(ڈی آئی پی آر)










