جموں؍۶؍اکتوبر
ڈائریکٹر مردم شماری آپریشنز جموں و کشمیر و لداخ امیت شرما نے منگل کو کہا کہ فوج، مرکزی مسلح پولیس فورسز (سی اے پی ایف) اور دیگر مرکزی فورسز کو مردم شماری۲۰۲۷کے تحت شامل کیا گیا ہے، جبکہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر خصوصی مراکز کی آبادی کا اندراج کاغذی شیڈول کے ذریعے مکمل کیا گیا۔
جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرما نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں۱۲۵ خصوصی مراکز جبکہ لداخ میں۴۷ خصوصی مراکز ہیں، جن میں مسلح افواج، نیم فوجی دستے اور دیگر مرکزی فورسز شامل ہیں۔
شرما نے کہا کہ خصوصی مراکز کے لیے آبادی کا اندراج کیا جاتا ہے، تاہم ان کے لیے مکانات کی فہرست سازی کا عمل نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خصوصی مراکز میں فوج، نیم فوجی دستے اور دیگر مرکزی فورسز شامل ہیں اور ان مراکز میں آبادی کے اندراج کی مشق کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی مراکز کی مخصوص عملی ضروریات اور سکیورٹی تقاضوں کے پیش نظر مردم شماری حکام نے ان کے لیے ایک الگ طریقۂ کار اختیار کیا ہے۔
ان کے مطابق، ’’ان خصوصی مراکز کی آبادی کا اندراج کاغذی شیڈول کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ اس میں سکیورٹی سے متعلق خدشات موجود ہیں، اس لیے ان کی معلومات بنیادی طور پر انٹرنیٹ کے ذریعے حاصل نہیں کی جا سکتی۔ چنانچہ کاغذی شیڈول بروقت تیار کیے گئے اور انہی کے ذریعے مطلوبہ معلومات حاصل کی گئیں۔‘‘
۔۔۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










