سری نگر؍۳؍اکتوبر
جموں و کشمیر میں اُوڑی قومی شاہراہ کو بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کی جانب سے جاری پہاڑی کٹائی کے کام کے پیش نظر۴؍اور۱۱؍اکتوبر کو عارضی طور پر بند رکھا جائے گا، حکام نے ہفتہ کو بتایا۔
اُوڑی کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) پرنس کمار کی جانب سے جاری ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ دونوں اتوار کو قومی شاہراہ کی عارضی بندش کی اجازت پہاڑی کٹائی کا کام انجام دینے کے لیے دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ۵۳ روڈ کنسٹرکشن کمپنی (آر سی سی) کے کمانڈنگ افسر کی جانب سے۱۱ ستمبر کو بھیجے گئے خط اور اس کے بعد موصول ہونے والی مراسلات کی بنیاد پر کیا گیا، جن میں شاہراہ کو عارضی طور پر بند رکھنے کی ضرورت ظاہر کی گئی تھی۔
ایس ڈی ایم نے عام لوگوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹ آپریٹروں کو بندش کے دوران بندی۔ پرن پلن۔ ڈاچی راستہ متبادل روٹ کے طور پر استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
حکم نامے میں یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ سرکاری دفاتر کے کام کے دنوں میں صبح۹ بجے سے۱۰:۳۰بجے تک اور سہ پہر۳:۳۰ بجے سے شام۵ بجے تک پہاڑی کٹائی کا کوئی کام انجام نہ دیا جائے۔
مذکورہ اوقات کے دوران متعلقہ تعمیراتی ایجنسی کو ہدایت دی گئی ہے کہ سڑک کو ٹریفک کے لیے کھلا رکھا جائے تاکہ مسافروں کی آمدورفت میں رکاوٹ نہ آئے۔
ایجنسی کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ پہاڑی کٹائی کے کام کے دوران مسافروں اور دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
یہ حکم نامہ۳؍ اکتوبر کو جاری کیا گیا اور اس کی نقول بارہمولہ کے ڈپٹی کمشنر سید فخرالدین حامد، محورا میں۵۳ روڈ کنسٹرکشن کمپنی کے کمانڈنگ افسر اور بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے پروجیکٹ بیکن کے تحت تعینات کرنل کے ڈی سنگھل، اور اُوڑی کے سب ڈویژنل پولیس افسر طارق احمد صوفی کو اطلاع اور ضروری تال میل کے لیے ارسال کی گئی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔(ویب ڈیسک)










