نئی دہلی، 2 اکتوبر (یو این آئی) وزیرِ اعظم نریندر مودی نے متعدد لوگوں کی جان بچانے والے جاںباز پائلٹ کیپٹن اسمت مچھار سے جمعہ کے روز ٹیلی فون پر بات چیت کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور کاک پٹ میں ہوئے قاتلانہ حملے کے دوران دکھائی گئی ان کی بے مثال شجاعت، فوری فیصلہ سازی کی صلاحیت اور دانشمندی کی تعریف کی۔
مسٹرمودی نے سعودی عرب میں زیرِ علاج کیپٹن مچھار سے فون پر ہوئی بات چیت کے دوران کہا کہ بحران کی گھڑی میں سیکنڈ کے انتہائی چھوٹے حصے میں لیے گئے ان کے فیصلے نے سینکڑوں مسافروں کی جان بچائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید چوٹیں آنے اور زندگی و موت کے درمیان کشمکش کے باوجود اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے مسافروں کی حفاظت کر کے کیپٹن مچھار نے 140 کروڑ ہم وطنوں کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
انہوں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یومِ پیدائش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج پورا ملک فخر سے کہہ سکتا ہے، "ہم جان لینے والے نہیں بلکہ جان بچانے والے لوگ ہیں اور کیپٹن سمت مچھار نے حقیقی زندگی میں عدم تشدد اور تحفظ کے جذبے کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ اگر یہ واقعہ نہ روکا جاتا تو ہندستان اور ہندستانی پائلٹوں کے عالمی امیج پر گہرا اثر پڑتا۔”
کیپٹن مچھار نے مسٹرمودی کے ساتھ اس ہولناک حادثے کے تجربات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں شدید زخمی ہو کر گر جانے کے بعد بھی انہیں احساس ہوا کہ طیارہ تیزی سے نیچے کی طرف جا رہا ہے۔ انہوں نے اپنی بچی ہوئی پوری طاقت لگا کر کاک پٹ کا دروازہ کھولا، جس سے عملے کے دیگر ارکان اندر آ سکے اور طیارے پر کنٹرول حاصل کیا جا سکا۔
کیپٹن مچھار نے بتایا کہ اس انتہائی کٹھن اور مشکل لمحے میں وہ صرف ‘ہنومان چالیسہ’ کا ورد کر رہے تھے اور ایشور کی کرپا سے ہی ان کی جان بچ سکی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بیرونِ ملک رہنے کے باوجود اپنی ہندستانی ثقافت سے گہرائی سے جڑے ہوئے ہیں اور روزانہ اپنے دو سال کے بیٹے کے ساتھ ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کرتے ہیں۔
بات چیت کے دوران مسٹرمودی نے بتایا کہ انہوں نے کیپٹن مچھار کے والد بھوپیندر بھائی، والدہ گیتا بہن اور اہلیہ سونل سے بھی بات کی ہے۔
وزیرِ اعظم نے بتایا کہ کیپٹن مچھار کی جلد صحتیابی اور درازیٔ عمر کے لیے ملک بھر کے مختلف مندروں میں مہا مرتیونجئے جاپ، خصوصی پوجا اور آرتی کی گئی ہے نیز پورا ہندستان ان کے استقبال کے لیے بے تاب ہے۔ کیپٹن مچھار نے بتایا کہ سعودی عرب میں انہیں بہترین طبی سہولیات مل رہی ہیں، مسٹر مودی نے کیپٹن مچھار کی دیکھ بھال کے لیے سعودی عرب اور یو اے ای حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ گفتگو کے دوران کیپٹن مچھار جذباتی ہو کر رو پڑے اور کہا کہ وزیرِ اعظم کا فون آنے کے بعد انہیں خود پر فخر محسوس ہو رہا ہے۔ اس پر وزیرِ اعظم نے انہیں تسلی دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ‘ایک فون کال کے فاصلے پر’ ہیں۔ مسٹر مودی نے یقین دہانی کرائی کہ ہندستان واپسی اور مکمل صحتیابی کے بعد وہ ان سے ذاتی طور پر ملاقات کریں گے۔






