نئی دہلی، 26 ستمبر (یواین آئی) آئی سی سی ورلڈ کپ 2027 قریب آنے کے ساتھ ہندوستان اتوار کو ترواننت پورم کے گرین فیلڈ اسٹیڈیم میں تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں ویسٹ انڈیز کا سامنا کرے گا، جہاں ایک بار پھر سب کی نظریں روہت شرما اور وراٹ کوہلی پر ہوں گی۔
ہندوستان اپنی گزشتہ تین ون ڈے سیریز میں سے دو ہار چکا ہے اور اگلے سال جنوبی افریقہ میں ہونے والے ورلڈ کپ سے قبل فارم حاصل کرنے کے لیے اس سیریز کو اہم موقع کے طور پر استعمال کرنا چاہے گا۔ عالمی کپ سے پہلے ہندوستان کو 14 سے 20 ون ڈے میچ کھیلنے ہیں، اس لیے ہر سیریز اہم ہوگی تاکہ ٹیم کا تال میل طے کیا جاسکے اور ان کھلاڑیوں کی شناخت کی جاسکے جو حتمی ٹیم میں جگہ بنانے کے اہل ہوں گے۔
روہت اس فارمیٹ میں واپسی کررہے ہیں اور ان پر خاص توجہ ہے۔ سابق کپتان نے لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف سنچری بناکر اپنے مستقبل سے متعلق جاری قیاس آرائیوں کو کم کیا تھا، تاہم ورلڈ کپ کی تیاری کے آغاز کے لیے ایک اور مضبوط اننگز ان کے لیے اہم ہوگی۔ دوسری جانب کوہلی کے سامنے ایک اور بڑی کامیابی ہے۔ انہیں سچن تندولکر کے بعد 15 ہزار ون ڈے رنز بنانے والے دوسرے بلے باز بننے کے لیے صرف 51 رنز درکار ہیں۔
تاہم اسٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی تازہ چوٹ نے ہندوستان کی منصوبہ بندی کو پیچیدہ کردیا ہے۔ ان کی غیر موجودگی میں نتیش کمار ریڈی پر زیادہ ذمہ داری ہوگی اور ان سے امید کی جائے گی کہ وہ سفید گیند کی ٹیم میں ایک قابل اعتماد متبادل کے طور پر خود کو ثابت کریں۔
ہندوستان کے گیندبازی کوچ مورنے مورکل نے ویسٹ انڈیز سیریز کو ٹیم کی ورلڈ کپ تیاری کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو ابھی سے مطلوبہ معیار حاصل کرنے کی کوشش کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے ایک ماہ یا ایک ہفتہ پہلے یہ طے نہیں کیا جاسکتا کہ چیزوں کو آگے بڑھایا جائے گا، اس کی شروعات ابھی ویسٹ انڈیز کے خلاف اس سیریز سے ہوگی۔
مورکل نے کھلاڑیوں پر مشکل حالات کو قبول کرنے اور دباؤ میں اپنی جگہ بنانے کے بجائے مواقع کا فائدہ اٹھانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹیم 30 رنز پر چار وکٹ گنوا دے تو یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ کون شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو سنچری تک پہنچاتا ہے۔ ان کے مطابق ایسے حالات سے گزر کر کھلاڑیوں کی ترقی ہوگی اور مستقبل میں ٹیم کو فائدہ پہنچے گا۔
ویسٹ انڈیز کے لیے یہ سیریز نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے خلاف گزشتہ دو گھریلو ون ڈے سیریز میں قریبی شکستوں کو پیچھے چھوڑنے کا موقع ہوگی۔
ہندوستان: شبھمن گل (کپتان)، روہت شرما، وراٹ کوہلی، رتوراج گائیکواڑ، کے ایل راہل (نائب کپتان)، دھرو جوریل، نتیش کمار ریڈی، رویندر جڈیجا، کلدیپ یادو، پرسدھ کرشنا، گرنور برار، محمد سراج، عاقب نبی، یشسوی جیسوال، نمن دھیر۔
ویسٹ انڈیز: شائی ہوپ (کپتان)، جیول اینڈریو، جان کیمبل، کیسی کارٹی، روسٹن چیز، میتھیو فورڈے، جسٹن گریوز، امیر جانگو، الزاری جوزف، شمر جوزف، وِٹل لاز، گُڈاکیش موتی، کیمو پال، شیرفین ردرفورڈ، جیدن سیلز۔





