نئی دہلی، 22 ستمبر (یواین آئی) وسطی یورپی ممالک کے وائشی گراد گروپ (وی 4) اور ہندستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان پیر کی رات نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر پہلی میٹنگ ہوئی۔
وزارتِ خارجہ نے منگل کے روز بتایا کہ اس میٹنگ میں وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کے ساتھ سلوواکیہ، پولینڈ، چیک جمہوریہ اور ہنگری کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔ میٹنگ سلوواکیہ کی وی 4 صدارت کے تحت منعقد ہوئی۔
وزرائے خارجہ نے ہندستان اور وی 4 کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ تجارت اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی و جدت طرازی، مضبوط سپلائی چین، دفاع و سلامتی، رابطے، تعلیم، آمد و رفت اور عوام سے عوام کے رابطوں جیسے شعبوں میں تعاون کے مواقع پر غور کیا گیا۔
میٹنگ میں کاروباری، تعلیمی اور تحقیقی اداروں کے علاوہ دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان رابطہ بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ عالمی اور علاقائی صورتحال، امن و سلامتی اور کثیر الجہتی پلیٹ فارمز پر تعاون کے حوالے سے خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔ وزرا نے کثیر الجہتی نظام میں اصلاحات اور گلوبل ساؤتھ کے سامنے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اس میٹنگ میں ہندستان اور وائشی گراد گروپ کے درمیان وزیرِ خارجہ کی سطح پر بات چیت اور تعاون کے لیے ایک اضافی پلیٹ فارم قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔







