سرینگر//
جموںکشمیر میں کورونا کے یومیہ معاملات لگاتار بڑھ رہے ہیں جس وجہ سے لوگوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بدھ کے روز جموں وکشمیر میں۶۹۲؍افراد کی رپورٹ مثبت آئی جبکہ دو مریض فوت بھی ہوئے۔
ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا کہ سرینگر ضلع میں بدھ کے روز۲۳۰؍ افراد کورونا سے متاثر پائے گئے،جموں ضلع میں ۱۶۷‘ بارہ مولہ میں۹۹‘ گاندربل میں۲۷‘ بڈگام میں۲۳‘ اسلام آباد میں۲۲‘ راجوری میں۲۱‘ بانڈی پورہ میں پندرہ ‘ سانبہ میں چودہ ، کستواڑ میں۱۳‘ رام بن میں بھی۱۳‘ ڈوڈہ میں تیرہ ، پونچھ میں سات، کولگام میں چار، کٹھوعہ میں تین، پلوامہ میں ایک شخص کی رپورٹ مثبت آئی۔
بیان کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران جموں اور کشمیر صوبوں میں دومریض کورونا سے فوت ہوئے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران۴۳۲ مریض صحت یاب بھی ہوئے۔
دریں اثنا جموں وکشمیر میں کورونا کے یومیہ معاملات میں لگاتار اضافے کے پیش نظر گر چہ انتظامیہ نے عوامی مقامات پر ماسک کو لازمی قرار دیا ہے تاہم اس کے باوجود بھی لوگ ایس او پیز کی دھجیاں اْڑا رہے ہیں۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ ضلع سری نگر میں کووڈ ایس او پیز پر عملدرآمد کی خاطر ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لائیں تاکہ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔