واشنگٹن///
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاوس چھوڑنے کے بعد پہلی بار منگل کو واشنگٹن واپس آئیں گے، جہاں وہ اپنے اتحادی تھنک ٹینک کے ایک اجلاس سے خطاب کریں گے ۔
سابق صدر ٹرمپ امریکہ فرسٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ کے دوروزہ امریکہ فرسٹ ایجنڈا اجلاس سے خطاب کریں گے ۔ کچھ مشیروں نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ 2020 کے انتخابات کے بجائے مستقبل کے اپنے وژن کے بارے میں زیادہ بات کریں ۔ صدرٹرمپ ممکنہ طور پر دوسری مدت کے لیے ایک ایجنڈا تیار کر رہے ہیں۔
غیر منافع بخش امریکہ فرسٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ، ٹرمپ انتظامیہ کے سابق عہدیداروں اور اتحادیوں پر مشتمل ہے ۔
اے ایف پی آئی کے صدر، بروک رولنز نے کہا، "مجھے یقین ہے کہ یہ تقریر پالیسی اورآئندہ لائحہ عمل پرمرکوزہوگی”۔
20 جنوری 2021 کے بعد ٹرمپ واشنگٹن پہلی بار آ رہے ہیں، یاد رہے کہ صدر جو بائیڈن نے اپنے عہدے کا حلف اسی دن اٹھایا تھا ۔یہ دورہ ایک ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب ان کے 2024 کے ممکنہ حریف پارٹی کے معیاری امیدوار کے طور پر ان کی حیثیت کو چیلنج کرنے کے لیے تیزی سے واضح موقف اختیار کر رہے ہیں۔ ان میں سابق نائب صدر مائیک پینس بھی شامل ہیں، جو تقریروں میں اپنا "آزادی ایجنڈا” بیان کرتے رہے ہیں ۔
پینس کو ٹرمپ کے دورے کے موقع پرواشنگٹن میں ہیریٹیج فاؤنڈیشن میں تقریر کرنا تھی جس میں وہ یہ کہنے والے تھے کہ "کچھ لوگ ماضی پر توجہ مرکوز کرنے کا انتخاب کر سکتے ہیں، لیکن میرا خیال ہے کہ قدامت پسندوں کو مستقبل پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ اگر ہم ایسا کرتے ہیں تو ہم صرف اگلا الیکشن نہیں جیتیں گے، ہم نسلوں کے لیے امریکی تاریخ کا دھارا بدل دیں گے "۔ پینس کی تقریر خراب موسم کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی تھی۔منگل کو، وہ عوامی سلامتی پر تقریر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اس سربراہی اجلاس کا مقصد امریکہ فرسٹ ایجنڈے” کو اجاگر کرنا ہے، جو معیشت، صحت کی دیکھ بھال اورانتخابی اصلاحات سمیت 10 اہم پالیسی شعبوں پر محیط ہے۔یہ گروپ ٹرمپ سے منسلک متعدد تنظیموں میں سے ایک ہے ۔ جس نے ان کی غیر موجودگی میں اپنی پالیسیوں کو آگے بڑھانا جاری رکھا ہے۔
۔۔۔۔۔۔