نئی دہلی، 3 ستمبر (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ حالیہ عرصے میں مختلف ممالک کے ساتھ کیے گئے آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) سے بھارتی گاڑیوں کی صنعت کی عالمی رسائی میں اضافہ ہوگا۔
گاڑی ساز کمپنیوں کی تنظیم سیام (ایس آئی اے ایم) کے 66ویں سالانہ اجلاس میں تنظیم کے صدر شیلش چندرا نے وزیر اعظم مودی کا پیغام پڑھ کر سنایا۔
وزیر اعظم نے بھارتی گاڑیوں کی صنعت سے جدت، اعلیٰ معیار اور ’وکست بھارت‘ کی جانب ٹھوس قدم اٹھانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے حالیہ برسوں میں کاروبار کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ ان میں غیر متعلقہ قوانین کو ختم کرنا اور غیر ضروری ضوابط کو ہٹانا شامل ہے۔ اس سے صنعتی شعبے کو نئی توانائی ملی ہے۔ پی ایل آئی اور میک اِن انڈیا جیسی اسکیموں سے گاڑیوں کی صنعت کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’’حالیہ آزاد تجارتی معاہدوں سے بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی بڑھی ہے۔ اس سے دنیا میں پہلے ہی اپنی شناخت قائم کرچکی بھارتی گاڑیوں کی صنعت کو اپنی عالمی موجودگی مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان نے صاف ستھری اور ماحول دوست نقل و حمل کی سمت تیزی سے پیش رفت کی ہے۔ چارجنگ کے بنیادی ڈھانچے میں اضافے سے الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے میں مدد ملی ہے۔ اس سے جدت کے نئے مواقع بھی پیدا ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ملک اگلی نسل کی نقل و حمل کی سمت آگے بڑھ رہا ہے، سیام اس تبدیلی کو شکل دینے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔










