ہیلسنکی، 12 اگست (یواین آئی) آئی سی سی مردوں کے ٹی20 ورلڈ کپ یورپ سب ریجنل کوالیفائر کا آخری مرحلہ اس ہفتے فن لینڈ میں شروع ہوگا، جہاں 14 سے 21 اگست تک 10 ٹیمیں 2027 کے آئی سی سی مردوں کے ٹی20 ورلڈ کپ یورپ کوالیفائر میں جگہ بنانے کے لیے مقابلہ کریں گی۔
ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور دونوں گروپ کی فاتح ٹیمیں فائنل میں پہنچیں گی۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم اگلے سال یورپ کوالیفائر میں آخری دستیاب مقام حاصل کرے گی اور آسٹریلیا و نیوزی لینڈ میں ہونے والے 2028 ٹی20 ورلڈ کپ کے گلوبل کوالیفائر تک پہنچنے کا موقع حاصل کرے گی۔
میزبان فن لینڈ کو گروپ ایک میں بلغاریہ، آئل آف مین، لکسمبرگ اور اسپین کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ دو میں چیکیا، جرمنی، یونان، اسرائیل اور پرتگال شامل ہیں۔
فن لینڈ نے 2022 میں پہلی بار آئی سی سی سب ریجنل کوالیفائر کی میزبانی کی تھی۔ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے اسے ملک میں کرکٹ کی ترقی کا مظاہرہ کرنے اور یورپ کی ابھرتی ہوئی کرکٹ ٹیموں کی میزبانی کا موقع ملے گا۔
آئی سی سی نے فن لینڈ کے تمام میچوں کے لیے فنش زبان میں کمنٹری کا انتظام کیا ہے، جو پہلی بار آئی سی سی ٹی وی اور فن لینڈ کے سرکاری نشریاتی ادارے کی آن لائن اسٹریمنگ سروس وائی ایل ای ارینا پر دستیاب ہوگی۔ ٹورنامنٹ کے دیگر تمام میچ بھی آئی سی سی ٹی وی پر عالمی سطح پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔
فنش زبان آئی سی سی کے کمنٹری پورٹ فولیو میں شامل ہونے والی دسویں زبان ہے، جس سے دنیا بھر کے شائقین کے لیے کرکٹ کو مزید قابل رسائی بنانے کی آئی سی سی کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔
میدان میں سابق آسٹریلوی انٹرنیشنل موئسس ہنریکس کی پرتگال کے کپتان کی حیثیت سے پہلی شرکت پر بھی نگاہیں ہوں گی۔ 39 سالہ ہنریکس پرتگال میں پیدا ہوئے ہیں اور پہلی بار اپنے آبائی ملک کی نمائندگی کریں گے۔
فن لینڈ میں ہونے والا یہ ٹورنامنٹ یورپ میں سب ریجنل کوالیفائرز کے سلسلے کا آخری مرحلہ ہے۔ اس سے قبل مئی میں قبرص اور جولائی میں ڈنمارک میں مقابلے منعقد ہوئے تھے۔
جرسی نے قبرص میں سب ریجنل کوالیفائر اے جیت کر پہلی کوالیفائنگ جگہ حاصل کی، جبکہ ڈنمارک نے اپنی سرزمین پر سب ریجنل کوالیفائر بی جیت کر دوسری جگہ حاصل کی۔
فن لینڈ میں ہونے والے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم اگلے سال آئی سی سی مردوں کے ٹی20 ورلڈ کپ یورپ کوالیفائر میں حصہ لے گی، جبکہ 2026 کے ٹورنامنٹ میں غیر معمولی حالات کے پیش نظر اسکاٹ لینڈ کو براہ راست جگہ دی گئی ہے۔
یورپ کی باقی دو ٹیمیں اٹلی اور نیدرلینڈز، جنہوں نے ابھی تک 2028 آئی سی سی مردوں کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کیا ہے، براہ راست گلوبل کوالیفائر میں پہنچیں گی۔




