ممبئی، 12 اگست (یواین آئی) ہندوستان کے سابق کپتان اجنکیا رہانے 15 سے 27 اگست تک ہونے والے ہندوستان کے سری لنکا دورے کے دوران سونی اسپورٹس نیٹ ورک پر ٹیسٹ کمنٹری میں اپنے نئے سفر کا آغاز کریں گے۔
رہانے نے حال ہی میں 18 سالہ کرکٹ کریئر کو الوداع کہا ہے۔ اب وہ کمنٹری باکس میں نئی ذمہ داری سنبھالیں گے اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں اپنے تجربے اور نقطہ نظر سے شائقین کو روشناس کرائیں گے۔ سیریز کی نشریات سونی اسپورٹس نیٹ ورک پر ہوں گی اور سونی لِو پر بھی اسے نشر کیا جائے گا۔
ہندوستان کے لیے 85 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے رہانے نے 5077 رنز بنائے، جن میں 12 سنچریاں اور 26 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ریڈ بال کرکٹ، میچ کی صورتحال اور کھیل کی باریکیوں پر ان کی گہری نظر نشریات میں ایک نیا پہلو شامل کرے گی۔ وہ اہم لمحات، حکمت عملی اور مقابلے کا تجزیہ کریں گے، جس سے شائقین کو یہ سمجھنے میں مدد ملے گی کہ ٹیسٹ میچ کس طرح آگے بڑھتا ہے۔
سونی پکچرز نیٹ ورکس انڈیا کے اسپورٹس اینڈ انٹرنیشنل کے چیف ریونیو آفیسر اور بزنس ہیڈ راجیش کول نے کہا، ’’اجنکیا رہانے ہمیشہ اپنے تحمل، مضبوطی اور کھیل کی گہری سمجھ کے لیے جانے جاتے رہے ہیں۔ جب وہ سونی اسپورٹس نیٹ ورک اور سونی لِو پر ٹیسٹ کمنٹری میں ڈیبیو کریں گے تو ناظرین کو اس فارمیٹ کے بارے میں ان کا نقطہ نظر سننے کا موقع ملے گا، جسے وہ بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ بھارت کے سری لنکا دورے کے لیے کمنٹری پینل میں رہانے کو شامل کرکے انہیں خوشی ہے اور وہ اس تجربے اور معلومات کے منتظر ہیں جو رہانے نشریات میں شامل کریں گے۔
رہانے نے کہا، ’’میں سونی اسپورٹس نیٹ ورک اور سونی لِو پر ہندوستان کے سری لنکا دورے کے لیے ٹیسٹ کمنٹری میں ڈیبیو کرنے کو لے کر پرجوش ہوں۔ ٹیسٹ کرکٹ ہمارے کھیل کا سب سے بڑا فارمیٹ ہے اور کئی سال تک اس فارمیٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے کے بعد اب کھیل کو ایک مختلف نقطہ نظر سے دیکھنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے تجربات شیئر کرنے، کھیل کی باریکیوں کو سمجھانے اور شائقین کو ان فیصلوں، حکمت عملیوں اور اہم لمحات کے بارے میں معلومات دینے کے منتظر ہیں جو ٹیسٹ میچ کا رخ متعین کرسکتے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ وہ شائقین کے لیے نشریات کے تجربے کو مزید بہتر بنانے اور انہیں میدان میں ہونے والے واقعات کی گہری سمجھ فراہم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔





