سرینگر/ ۱۰ ؍اگست
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے پیر کے روز اعلان کیا کہ حکومت لوک سبھا میں ملک بھر میں طلبہ کے احتجاج اور پولیس کارروائی پر مکمل بحث کے لیے تیار ہے اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بحث کا جواب دیں گے، بشرطیکہ اپوزیشن ایوان میں خلل نہ ڈالنے اور پُرامن طریقے سے جواب سننے کا وعدہ کرے۔
رجیجو کا یہ اعلان لوک سبھا کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی (بی اے سی) کے اجلاس کے فوراً بعد سامنے آیا، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان کے ساتھ آئندہ تین دن کے لیے ایوان کے ایجنڈے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اپوزیشن کی جانب سے گزشتہ ماہ نئی دہلی میں احتجاج کرنے والے طلبہ کے خلاف پولیس کارروائی پر وزیر داخلہ کی جانب سے بیان دینے کا مسلسل مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
جاری مانسون اجلاس کے دوران امت شاہ کو ایوان میں نہیں دیکھا گیا، حالانکہ وہ باقاعدگی سے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس آ رہے ہیں۔
رجیجو نے یہ بھی کہا کہ چونکہ حکومت ملک کے مختلف حصوں میں جاری طلبہ اور نوجوانوں کی تحریکوں اور پولیس کارروائی پر بحث کے لیے تیار ہے، اس لیے اپوزیشن بحث اور اس پر حکومت کی جانب سے دیے جانے والے جواب کے دوران کسی قسم کا ہنگامہ یا نعرے بازی نہیں کر سکتی۔
انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں بی اے سی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ہم نے لوک سبھا کی بی اے سی کو واضح کر دیا ہے کہ حکومت ملک کے مختلف حصوں میں جاری طلبہ اور نوجوانوں کی تحریکوں کے ساتھ ساتھ پولیس کارروائی پر مکمل بحث کے لیے تیار ہے۔ وزیر داخلہ حکومت کی جانب سے اس بحث کا ایک ایک نکتے کا جواب دیں گے۔‘‘
تاہم، رجیجو نے کہا کہ اپوزیشن کو یقین دہانی کرانی ہوگی کہ وہ بحث میں پُرامن طریقے سے حصہ لے گی، کارروائی میں خلل نہیں ڈالے گی، وزیر داخلہ کا جواب سنے گی اور ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی کرنے کے بعد کسی بہانے کا حوالہ دے کر ایوان سے چلی نہیں جائے گی۔
انہوں نے کہا، ’’ہم نے اپنی پیشکش کر دی ہے اور اب اپوزیشن کو یقین دہانی کرانی ہوگی کہ وہ وزیر داخلہ کا جواب پُرامن طریقے سے سنے گی۔ نعرے بازی قابل قبول نہیں ہوگی۔ اگر وہ بحث چاہتے ہیں تو مناسب پارلیمانی نظم و ضبط ہونا چاہیے۔ حکومت کبھی کسی معاملے یا کسی بحث سے بھاگتی نہیں ہے اور مستقبل میں بھی کسی معاملے سے نہیں بھاگے گی۔
وین ڈیسک
‘‘










