اصلی نیشنل کانفرنس…؟
ہمیں تو صاحب لگتا ہے کہ اپنے بخاری صاحب… الطاف بخاری صاحب کو اپنی ان موٹی موٹی آنکھوں کا معائنہ کرانا چاہیے، ایک بار تو ضرور کرانا چاہیے۔ اس لیے نہیں کہ اب ان کے سر پر سیاہ نہیں بلکہ سفید بال ہیں، بلکہ اس لیے کہ سامنے ہو کر بھی، پاس ہو کر بھی اگر انہیں کچھ نظر نہ آئے تو یقیناً خطا ان کی نظروں کی ہے… کمزور نظروں کی۔ان جناب کو حکمران جماعت، نیشنل کانفرنس کی تلاش ہے، کیونکہ بخاری صاحب کا کہنا ہے کہ انہیں نیشنل کانفرنس کہیں نظر نہیں آ رہی… وہ نیشنل کانفرنس جو کبھی ہوا کرتی تھی۔ بخاری صاحب کہتے ہیں کہ ہمارے سامنے جو نیشنل کانفرنس ہے، وہ کوئی اور ہے، کسی اور کی ہے… وہ نہیں ہے جو کبھی ہوا کرتی تھی، یعنی یہ اصلی نیشنل کانفرنس نہیں ہے… بالکل بھی نہیں۔اور اللہ میاں کی قسم! ہم اسی لیے بخاری صاحب کو مشورہ دے رہے ہیں کہ جناب، آپ اپنی آنکھوں کا ٹیسٹ کرا ہی لیجیے، کیونکہ جو نیشنل کانفرنس آج ہمارے سامنے موجود ہے، اور ہاں، آپ کی نظروں کو بھی جو نیشنل کانفرنس نظر آ رہی ہے، یہ وہی نیشنل کانفرنس ہے جو کل تھی، پرسوں تھی اور برسوں سے تھی۔ اس کے علاوہ کوئی اور نیشنل کانفرنس نہیں ہے، بالکل بھی نہیں، کیونکہ… کل بھی، پرسوں بھی اور برسوں سے بھی این سی کے لیے ایک ہی چیز اہم تھی، اور وہ ہے اقتدار اور اس کا تحفظ۔یہی بات نیشنل کانفرنس کو دوسری جماعتوں سے منفرد بناتی ہے۔ اور اللہ میاں کی قسم، بخاری صاحب! آپ ایک بار دیکھ لیجیے، ایک بار اسے آزما لیجیے… نیشنل کانفرنس کے لیے آج بھی یہی ایک بات معنی رکھتی ہے، اسی کی اہمیت ہے، دوسری کوئی بات نہیں… بالکل بھی نہیں۔کشمیر میں بہت سارے دیومالائی قصے اور کہانیاں مشہور ہیں۔ ممکن ہے کسی نے آپ کے سامنے نیشنل کانفرنس کا جو نقشہ کھینچا ہو، وہ بھی کسی دیومالائی قصے کہانی کا حصہ ہو، اور آپ اسی پر بھروسہ کر بیٹھے ہوں۔بخاری صاحب! جس دن سے مسلم کانفرنس، نیشنل کانفرنس میں بدلی، تبدیل ہوئی، اُس دن سے لے کر آج تک یہی ایک نیشنل کانفرنس تھی، ہے اور رہے گی۔ اس کے علاوہ نہ کوئی اور نیشنل کانفرنس تھی، نہ ہے اور نہ ہوگی۔اور یہ بات سب جانتے بھی ہیں اور مانتے بھی ہیں۔ آپ بھی جان جائیں گے، مان بھی جائیں گے، بس ایک بار اپنی آنکھوں کا کسی ماہر ڈاکٹر سے معائنہ ضرور کروائیے۔ہے نا؟




