گزشتہ سال کشمیر میں تقریباً۴۰۰فلموں کی شوٹنگ کی گئی:سیٹھ
ایجنسیز
سرینگر؍۹ جون
مرکزی وزیرِ مملکت برائے دفاع ‘سنجے سیٹھ نے منگل کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں کشمیر میں امن، استحکام اور ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے۔ انہوں نے سیاحت میں اضافے اور فلم سازی کی سرگرمیوں کی بحالی کو اس تبدیلی کی نمایاں مثالیں قرار دیا۔
پلوامہ ضلع میں ایمز اونتی پورہ منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنجے سیٹھ نے کہا’’گزشتہ سال جموں و کشمیر میں۲ء۴۱کروڑ سیاح آئے تھے، جبکہ رواں سال اب تک۱ء۷۷کروڑ سیاح یہاں کا رخ کر چکے ہیں‘‘۔
سیٹھ نے کہا کہ ماضی میں کشمیر فلم سازوں کی پسندیدہ منزل ہوا کرتا تھا، لیکن۱۹۸۰کی دہائی کے اواخر میں بدامنی کے باعث یہاں فلموں کی شوٹنگ میں نمایاں کمی آ گئی تھی۔
ان کاکہنا تھا’’اب صورتحال بدل چکی ہے اور فلم سازی کا شعبہ دوبارہ عروج پر ہے‘‘۔ انہوں نے کہا اور بتایا کہ گزشتہ سال وادی کشمیر میں تقریباً۴۰۰فلموں کی شوٹنگ کی گئی۔
سیٹھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ہمیشہ لوگوں کو کشمیر اور شمال مشرقی خطوں کی سیر کی ترغیب دیتے ہیں۔’’ہمارا بھارت ایک ہے، کشمیر سے کنیا کماری تک‘‘۔
مرکزی وزیر نے بتایا کہ وہ۱۹۷۰ کی دہائی سے باقاعدگی سے کشمیر آتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا’’اس وقت کے کشمیر اور آج کے کشمیر میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ یہاں ترقی کے بے شمار منصوبے مکمل ہوئے ہیں اور گزشتہ۱۲ برسوں میں ہونے والی ترقی اپنی مثال آپ ہے‘‘۔
سیٹھ نے مزید کہا کہ کشمیر کی کرکٹ بیٹ صنعت نے بھی حالیہ برسوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔ ان کے مطابق کشمیر سے برطانیہ، آسٹریلیا اور سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کو۳۰لاکھ کرکٹ بیٹ برآمد کیے گئے ہیں۔
ایمز اونتی پورہ منصوبے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ وزیر اعظم مودی کی جانب سے کشمیر کے عوام کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے۔انہوں نے کہا’’اب لوگوں کو علاج کے لیے دہلی یا چندی گڑھ جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ کشمیر اور سری نگر کے لیے سب سے بڑا تحفہ یہی ایمس اسپتال ہے‘‘۔
سیٹھ نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں دو ایمز اسپتال قائم کیے جا رہے ہیں، ایک جموں میں اور دوسرا سری نگر میں۔’’۲۰۱۴ میں جب نریندر مودی وزیر اعظم بنے تو ملک میں صرف آٹھ ایمز ادارے تھے، جبکہ آج ان کی تعداد بڑھ کر۲۳ ہو چکی ہے۔ صحت کے شعبے میں انہوں نے آیوشمان بھارت جیسی تاریخی اور انقلابی صحت اسکیم بھی متعارف کرائی۔‘‘










