اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے وسیع سماجی ردعمل ضروری ہے اور اسی مقصد کیلئے۱۰۰روزہ جامع پروگرام ترتیب دیا گیا ہے:ایل جی
’آج جموں و کشمیر ایک انتہائی اہم مرحلے پر ہے‘نوجوانوں کو منشیات سے تباہ کرنے کی سازش ناکام بنانا ہوگی‘
(ویب ڈیسک )
سرینگر؍۱۰؍ اپریل
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو کہا کہ جموں و کشمیر ایک ’انتہائی نازک موڑ‘ پر کھڑا ہے اور نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی منشیات کی لعنت کے خلاف متحدہ عوامی تحریک شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایل جی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں منشیات کے عادی بنانے والے پورے نظام کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی اور ’نشہ مکت جموں کشمیر ابھیان‘کے تحت۱۱؍ اپریل سے۱۰۰ روزہ مہم شروع کی جا رہی ہے، جس کی تیاریوں کا انہوں نے جائزہ لیا۔
یہ مہم پنچایت سطح سے لے کر یونین ٹیریٹری سطح تک چلائی جائے گی اور خود ایل جی اس کی قیادت کریں گے۔ اس میں معاشرے کے تمام طبقات کو شامل کیا جائے گا اور مسئلے سے قانونی، فوجداری اور بحالی کے پہلوؤں سے نمٹا جائے گا۔
ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے عوام سے خطاب کرتے ہوئے سنہا نے کہا’’آج جموں و کشمیر ایک انتہائی اہم مرحلے پر ہے۔ ایک مخصوص سازش کے تحت ہمارے نوجوانوں کو منشیات کی لت میں دھکیلنے اور ایک پوری نسل کو تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں۲۰۲۰ یں شروع کی گئی’نشہ مکت بھارت ابھیان‘کے تحت خطے میں اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔’’اس کے بعد سے جموں و کشمیر میں منشیات کے خلاف نمایاں کوششیں کی گئی ہیں۔ گزشتہ سال۲۰۲۵ میں بھی ایک بڑی مہم چلائی گئی جبکہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں بھی مؤثر رہی ہیں‘‘۔
تاہم، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے وسیع سماجی ردعمل ضروری ہے اور اسی مقصد کے لیے۱۰۰روزہ جامع پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔
مہم کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ۱۱؍اپریل کو جموں کے ایم اے اسٹیڈیم میں ایک بڑا اجتماع منعقد کیا جائے گا جس میں سول سوسائٹی، سیاسی رہنما، ماہرین تعلیم اور کھلاڑی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا ’’اس دن ہم منشیات کے خلاف عہد کریں گے اور ایک پدیاترا بھی نکالی جائے گی جو پورے جموں و کشمیر میں جاری رہے گی‘‘۔
عوامی شرکت پر زور دیتے ہوئے ایل جی نے کہا کہ یہ مہم کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ نوجوانوں کے مستقبل سے جڑی ہوئی ہے۔ ’’ہر روز دل دہلا دینے والے واقعات سامنے آ رہے ہیں، جو نہایت افسوسناک ہیں‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بھرپور حصہ لیں۔ ان کاکہنا تھا ’’یہ محض ایک مارچ نہیں بلکہ ایک مقصد کے ساتھ سفر ہے—جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک بنانا اور منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا‘‘۔
سنہا نے مزید کہا کہ انتظامیہ نے تمام محکموں، پولیس اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی تیار کی ہے۔ انہوں نے کہا ’’میں خود بھی جموں و کشمیر کے ہر ضلع تک پہنچنے، پدیاترا کے ذریعے اس مہم کو تقویت دینے اور عوام سے براہِ راست اپیل کرنے کی کوشش کروں گا۔‘‘










