میکسیکو سٹی،16 مارچ (یواین آئی ) فیفا ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی سے چند ماہ قبل میکسیکو نے فٹ بال کی دنیا میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ میکسیکو سٹی کے تاریخی زوکالو اسکوائر میں فٹ بال کی سب سے بڑی کلاس منعقد کی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے جج الفریڈو آریسٹا نے باضابطہ طور پر اس ریکارڈ کی تصدیق کی۔
اس تقریب میں 9,500 افراد نے حصہ لیا، جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ صرف 1,038 افراد کا تھا۔ فٹ بال کی یہ خصوصی کلاس 35 منٹ تک جاری رہی۔ پورا میدان میکسیکو کے قومی پرچم کے رنگوں (سبز، سفید اور سرخ) سے رنگا ہوا تھا اور شرکاء نے "گیند گھر آ رہی ہے” کے نعروں والے جرسیاں زیب تن کر رکھی تھیں۔
میکسیکو سٹی کی میئر کلارا بروگاڈا اور سیکریٹری سیاحت نے اس کلاس کی قیادت کی، جبکہ میکسیکو کے سابق اسٹار فٹ بالرز جیسے ‘کونیجو’ پیریز اور ‘کیکن’ فونسیکا نے بھی شرکت کر کے شرکاء کا حوصلہ بڑھایا۔ شرکاء نے فٹ بال کی مختلف مہارتیں جیسے ڈراپ کک، شولڈر فینٹ، بیک ہیل اور بال کنٹرول کی مشق کی۔ میکسیکو سٹی کے مرکزی چوک کو مصنوعی گھاس بچھا کر ایک بڑے فٹ بال گراؤنڈ میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ مقامی خواتین فٹ بالرز نے اس ایونٹ کو سراہتے ہوئے اسے کھیلوں میں خواتین کی شمولیت کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔






