نئی دہلی 17 فروری (یو این آئی )ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کی نائب کپتان اسمرتی مندھانا نے سال 2025 کا معتبر بی بی سی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ 29 سالہ مندھانا نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں ہندوستان کی تاریخی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں 434 رنز بنائے تھے۔ اس ایوارڈ کے لیے کپتان ہرمن پریت کور، شطرنج کی چیمپئن دیویا دیشمکھ، شوٹر سروچی سنگھ اور ایتھلیٹ جیوتی یارجی کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔
ایوارڈ وصول کرتے ہوئے اسمرتی مندھانا نے اسے خواتین کی کرکٹ کے لیے ایک یادگار مرحلہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا، "یہ سال میرے لیے بہت خاص رہا ہے۔ میں بی بی سی کی مشکور ہوں جس نے مجھے اس اعزاز کے لیے منتخب کیا۔ مجھے خوشی ہے کہ میں اپنی ٹیم کی جیت میں حصہ ڈال سکی۔
مندھانا کا انتخاب ایک اعلیٰ سطح کی جیوری نے کیا جس میں سابق ٹینس اسٹار لینڈر پیس، دیپا ملک اور انجو بوبی جارج شامل تھیں۔ مندھانا نے اب تک بین الاقوامی کرکٹ میں 17 سنچریاں اسکور کی ہیں، جس کے ساتھ ہی انہوں نے آسٹریلیا کی میگ لیننگ کا عالمی ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ وہ رائل چیلنجرز بنگلور کو دو بار ڈبلیو پی ایل خطاب جتوانے والی کپتان بھی ہیں۔
تقریب میں دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو بھی نوازا گیا۔
20 سال کی عمر میں ویمنز ورلڈ کپ جیتنے پر دیویا دیشمکھ ‘ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر’ قرار پائیں۔
پیرا ایتھلیٹ پریتی پال کو ورلڈ چیمپئن شپ میں دو تمغے جیتنے پر ‘بی بی سی پیرا اسپورٹس وومن آف دی ایئر’ کا ایوارڈ ملا۔
سابق مایہ ناز شوٹر انجلی بھاگوت کو ہندوستانی شوٹنگ میں گراں قدر خدمات پر ‘لائف ٹائم اچیومنٹ’ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ وہ اولمپک فائنل تک پہنچنے والی پہلی ہندوستانی خاتون شوٹر ہیں۔






