تو صاحب آج کی تازہ خبر یہ ہے کہ اپنے میر واعظ ‘مولوی محمد عمر فاروق صاحب نے اپنے ایکس ہینڈل سے ’چیئر مین حریت کانفرنس ‘ ہٹا دیا ہے … اسے حذف کردیا ہے… کیوں حذف کردیا ہے ؟اس کی ان جناب نے وضاحت بھی پیش کی ہے… یہ کہہ کر کی ہے کہ … کہ ان پر زور دیا جارہا تھا کہ وہ اسے حذف کریں اور… اور اس لئے کریں کیونکہ حریت کانفرنس کی کم و بیش سبھی اکائیوں بشمول عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قراردیا جا چکا ہے … اس لئے اب ’چیئر مین حریت کانفرنس ‘ کو ایکس ہینڈل سے ہٹا دیا جائے اور … اور عمر فاروق صاحب نے ایسا ہی کیا ہے… ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے… لیکن صاحب حریت کانفرنس کی تیس پینتیس برسوں کی ’آوارہ گردی ‘ اور اس ’آوارہ گردی‘ کے دوران اس غریب و مفلس قوم کوکچھ بھی سہنا کرنا پڑا‘ برداشت کرنا پڑا… جن اذیتوں اور تکالیف اور مصائب سے گزر نا پڑا کیا … کیا وہ اسی طرح حذف ہو جائیں گے … اُسی آسانی سے جس آسانی سے میرواعظ صاحب نے اپنے ایکس ہینڈل سے’ چیئر مین حریت کانفرنس ‘ کا تعارفی جملہ ہٹا دیا … حذف کیا ؟صاحب!تیس پینتیس برس ایک بڑا اور طویل عرصہ ہو تا ہے… اس ددوارن لوگوں… عام لوگوں کو جو زخم ملے… انہیں جو زخم دئے گئے … ان کا حساب تو لیا جانا چاہئے… ہر اُس شخص … شخص نہیں … بلکہ لیڈر… لیڈر بھی نہیں کہ ان میں سے کوئی صدر تھا ‘ کوئی چیئر مین‘ کوئی امیر تھا تو کوئی نائب امیر … ہر کوئی کچھ نہ کچھ تھا … یا ہر کوئی خود کو کچھ نہ کچھ تصور کرتا تھا…لوگوں پر مسلط کرتا تھا اور… اور پھر جب آندھی مخالف سمت سے چلنے لگی تو یہ سب جو کچھ نہ کچھ تھے… وہ کچھ نہ کچھ نہیں بلکہ کچھ بھی نہ ثابت ہو ئے …ان سب سے حساب لیا جانا چاہئے ‘انہیں ذمہ دار گردانا چاہئے … ایسا نہیں ہو سکتا ہے… اور بالکل بھی نہیں ہو سکتا ہے کہ … کہ کل تک وہ علیحدگی پسند تھے اور آج انہوں نے خاموشی اختیار کی یا قومی دھارے میں پناہ لی … اور ان کے سارے گناہ معاف ہو گئے… نہیں صاحب ایسا نہیں ہو سکتا ہے… یہ انصاف نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے …ان کے گناہوں کو بھلایا جا سکتا ہے اور… اور نہ وہ اتنی آسانی سے ان کے نامہ ٔ اعمال سے حذف ہو سکتے ہیں ‘ جتنی آسانی سے میرواعظ صاحب نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے’چیئر مین حریت کانفرنس‘ ہٹا دیا… حذف کیا ۔ ہے نا؟




